سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکہ اورایران کے درمیان جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی کو روکنے میں مدد ملی۔
ذرائع کے مطابق کولگام میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمارے لئے پاکستان کا نام لینا بھی مشکل سمجھا جاتا ہے، تاہم اس نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ عالمی دبائو کے باعث امریکہ کو ایران کے ساتھ بات چیت پر مجبور ہونا پڑا کیونکہ اس بحران کے عالمی معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے تھے۔محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ دنیا جنگ کے دہانے پر کھڑی تھی لیکن وقتی طور پر اسے ٹال دیا گیا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اسرائیل کی جانب سے کسی بھی ممکنہ اقدام سے یہ جنگ بندی متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ موجودہ صورتحال میں فرقہ وارانہ تقسیم کم ہو کر ایک مشترکہ شناخت میں تبدیل ہو رہی ہے۔
