سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی رہنما التجا مفتی نے ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر کے چہرے کا نقاب ہٹانے پر بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے تھانے میں ایک درخواست جمع کرائی ہے۔ ذرائع کے مطابق التجا مفتی نے اپنی درخواست میں اس عمل کو ذاتی وقار، خود مختاری اور مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ تعزیرات ہند اور آئین کی متعلقہ دفعات کے تحت جرم کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل، ایک عوامی تقریب میں کیا گیا، نہ صرف متعلقہ خاتون کے لیے توہین آمیز تھا بلکہ اس نے اقتدار کے عہدوں پر خواتین اور اقلیتوں کے احترام کے بارے میں “انتہائی پریشان کن پیغام” بھیجا تھا۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ ایک آئینی عہدے پر براجمان شخص کی اس حریت کو ہرگز نادانستہ قرار نہیں دیا جا سکتا ہے، یہ افسوسناک ہے کہ بی جے پی کے رہنما اور اقتدار کے عہدوں پر موجود دیگر افراد وزیراعلیٰ کے اس فعل کا جواز فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ احتساب تمام افراد پر یکساں طور پر لاگو ہونا چاہیے، چاہے ان کی سیاسی حیثیت کچھ بھی ہو۔
مقبوضہ کشمیر، التجا مفتی کا وزیر اعلیٰ بہار کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ
