سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے خبردار کیا ہے کہ اگر عالمی برادری نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال کی طرف فوری توجہ نہ دی تو یہ قابو سے باہر ہو جائے گی۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں کی جائز جدوجہد آزادی کو طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کچلنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر جنوبی ایشیا میں ایک خطرناک ایٹمی فلیش پوائنٹ بنا ہوا ہے اور بین الاقوامی کارروائی کے لئے وقت ختم ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو نظرانداز کرنا کسی کے مفاد میں نہیں ہے کیونکہ مسئلے کے حل میں مسلسل تاخیر کے سنگین عالمی نتائج ہوں گے۔ ایڈووکیٹ منہاس نے کہا کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ جنوبی ایشیا میں ایک جوہری فلیش پوائنٹ ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مودی حکومت کی فوجی پالیسیاں علاقائی امن کو شدید خطرات سے دوچار کر رہی ہیں اور مسئلہ کشمیر کو حل نہ کرنے سے ایٹمی بحران جنم لے سکتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل اور ممکنہ علاقائی تباہی کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کریں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت استصواب رائے کے جائز مطالبے کو دبانے کے لیے کشمیر کے مظلوم عوام کے خلاف ظالمانہ قوانین اور طاقت پر مبنی پالیسیاں استعمال کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوج، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکار جنہیں آرمڈ فورسزا سپیشل پاورز ایکٹ، ڈسٹربڈ ایریاز ایکٹ، پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ سمیت کالے قوانین کے تحت بے پناہ اختیارات حاصل ہیں، کشمیریوں کو ڈرانے دھمکانے کے لیے جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں جو انسانیت کے خلاف جرائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز مکمل استثنیٰ کے ساتھ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں جن میں ماورائے عدالت قتل، من مانی گرفتاریاں، تشدد، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں، گھروں پر چھاپے، جائیدادوں پر قبضے اور خواتین کی بے حرمتی شامل ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام میں خوف و دہشت پھیلانا ہے۔
