Input your search keywords and press Enter.

کشمیری 5 جنوری کو یوم حق خودارادیت منائیں گے

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ۔ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری 5 جنوری (پیرکو) یوم حق خودارادیت کے طور پر منائیں گے تاکہ عالمی برادری کو دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اس کی ذمہ داریاں یاد دلائی جا سکیں۔ ذرائع کے مطابق اس دن کو منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی ہے۔ اس دن مقبوضہ جموں و کشمیر، آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں، سیمینار اور دیگر پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ دنیا کی توجہ اقوام متحدہ کے زیراہتمام استصواب رائے کا وعدہ پورا نہ ہونے کی وجہ سے کشمیری عوام کو درپیش مشکلات کی طرف مبذول کرائی جائے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 5 جنوری 1949ء کو ایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ بھارت یا پاکستان کے ساتھ جموں و کشمیر کے الحاق کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ اگر وہ اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنا چاہتا ہے تو مزید تاخیر کئے بغیر جموں و کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میں کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اقوام متحدہ عملی اقدامات کرے اور کشمیریوں کو مودی حکومت کی جارحیت سے بچائے۔ بیان میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ سات دہائیاں گزر جانے کے باوجود عالمی ادارے نے کشمیریوں سے استصواب رائے کا اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی عدم فعالیت سے کشمیریوں کو دبانے کے لیے وادی کشمیر، جموں اور لداخ خطوں میں تعینات 10لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *