سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ اسلامی انقلابِ ایران کی سینتالیسویں سالگرہ اس حقیقت کی تجدید ہے کہ جب قومیں بیدار ہوں تو طاغوتی ایوان لرز اٹھتے ہیں، جب ایمان انگڑائی لے تو ظلم کی زنجیریں ٹوٹ جاتی ہیں۔ یہ انقلاب صرف ایک سرزمین کی تبدیلی نہیں تھا بلکہ فکر کی بالادستی، خودداری کی سربلندی اور استقامت کی تابندگی کا استعارہ تھا۔ یہ پیغام تھا کہ حق کی صدا دبائی نہیں جا سکتی اور باطل کی بنا ٹک نہیں سکتی۔
اسی مبارک موقع پر ہم شہیدِ ملت، مقبول بٹ شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جن کا لہو وادیٔ کشمیر کی مٹی میں چراغِ حریت بن کر جل رہا ہے۔ انہوں نے دار کو گلے لگا کر قوم کو حوصلہ دیا، زنجیروں کو چوم کر آزادی کا مفہوم سکھایا، اور اپنی جان دے کر یہ اعلان کیا کہ شہادت موت نہیں، حیاتِ جاوداں ہے۔ ان کی قربانی جدوجہد کا استعارہ، ان کا عزم مزاحمت کا عنوان، اور ان کا نام حریت کا نشان ہے۔
وائس آف نیشن اس عہد کی تجدید کرتی ہے کہ انقلابِ ایران کی روحِ مزاحمت اور مقبول بٹ شہید کی فکرِ حریت کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے ظلم کے ہر نظام کے خلاف صدائے حق بلند کرتی رہے گی۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جہاں ایمان کی حرارت ہو، وہاں شکست نہیں؛ جہاں اتحاد کی قوت ہو، وہاں رکاوٹ نہیں؛ اور جہاں قربانی کی روایت ہو، وہاں آزادی کی بشارت ضرور ہوتی ہے۔
آئیے اس دن کو تجدیدِ عہد، اتحادِ امت اور استقامتِ ملت کے طور پر منائیں۔
