سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ نے شہید کشمیری نوجوانوں غلام احمد میر اور بشیر احمد بٹ کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 1995ء میں آج کے دن دونوں کشمیری نوجوانوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے قصبے سوپور میں حراست کے دوران شہید کر دیا تھا۔ حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں غلام احمد میر اور بشیر احمد بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نوجوانوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے دیگر ہزاروں شہداء کی طرح اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ بیان میں شہداء کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہ کرنے اور شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے شہدائے کشمیر کی بلندی درجات کیلئے دعا کی۔
حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا غلام میر اور بشیر بٹ کو یوم شہادت پر خراج عقیدت
