Input your search keywords and press Enter.

بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر میں جنسی تشدد کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں، غلام محمد صفی

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے غیور کشمیری عوام کی سات دہائیوں پر محیط بے مثال جدوجہد بالخصوص 2019ء کے بعد سے بھارتی سامراج کے بڑھتے ہوئے مظالم کے خلاف دکھائی جانے والی استقامت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے ایک بیان میں کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے وادیِ کشمیر میں تحریک حقِ خودارادیت کو سبوتاڑ کرنے کے لیے جہاں جبر و استبداد کے تمام ہتھکنڈے آزمائے، وہیں جنسی تشدد کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے انسانیت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22 اور 23 فروری 1991ء کی درمیانی شب کو ضلع کپواڑہ کے جڑواں دیہات کنن اور پوشپورہ میں پیش آنے والا المناک واقعہ برصغیر کی تاریخ کا وہ سیاہ ترین باب ہے جس نے انسانی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اس لرزہ خیز رات کو بھارتی افواج نے لگ بھگ 100 سے زائد عفت مآب خواتین کی اجتماعی آبرو ریزی کر کے نہ صرف اخلاقیات کی تمام حدیں پار کیں بلکہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے چارٹر کی دھجیاں اڑا دیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وحشیانہ واقعے کو تین دہائیاں بیت جانے کے باوجود بھی مظلوم مائیں، بہنیں اور بیٹیاں انصاف کے حصول کے لیے در بدر ٹھوکریں کھا رہی ہیں جو نام نہاد بھارتی جمہوریت کے چہرے پر ایک بدنما داغ اور عالمی برادری کی خاموشی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں صنفِ نازک کے ساتھ یہ گھنائونا سلوک محض اتفاقی نہیں بلکہ ایک منظم ریاستی پالیسی کا حصہ ہے تاکہ کشمیریوں کے حوصلے توڑ کر انہیں اپنی جائز اور مبنی برحق جدوجہد سے دستبردار ہونے پر مجبور کیا جا سکے۔حریت رہنما نے کہا کہ قابض انتظامیہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے، کشمیریوں کے گھروں کو بلڈوز کرنے، جائیدادوں کو ضبط کرنے اور آزادی پسند طبقے کو معاشی طور پر مفلوج کرنے کے لیے ملازمتوں سے برطرف کرنے جیسے غیر آئینی اقدامات پر اتر آئی ہے جو جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کے علمبرداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ ریاست میں جاری اس انسانی المیے کا فوری نوٹس لیں، بھارت کو ان غیر انسانی اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں سے روکیں اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنی اخلاقی ذمہ داری پوری کریں تاکہ خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن ہو سکے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *