سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ آزاد جموں و کشمیر کی انتخابات کی مانیٹرنگ کیلئے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹاون لاہور کو الیکشن سیل ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کشمیر الیکشن سیل میں انوشہ رحمان، علی ڈار، راشد نصراللہ اور سید توصیف شاہ فرائض انجام دینگے۔ لاہور کی دونوں نشستوں کی انتخابی مہم کے انچارچ ملک سیف الملوک کھوکھر ہوں گے۔ شعبہ خواتین کے امور انچارج سعدیہ تیمور ہوں گی، خواجہ عمران نذیر کو ایل اے 34 اور میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کو ایل اے 41 کیلئے کوارڈنیٹر نامزد کر دیا گیا ہے۔ غزالی سلیم بٹ اور چودھری شہباز ایل اے 41 کے شریک کوارڈنیٹرز ہونگے۔
ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اپنے حلقوں سے ووٹرز سے رابطوں کے پابند ہونگے۔ دوسری جانب میاں نواز شریف نے گلگت کے بعد کشمیر کی ذمہ داری بھی خواجہ سعد رفیق کو سونپ دی ہے۔ خواجہ سعد رفیق کو آزاد کشمیر جانے اور امیدواروں کیساتھ مل کر انتخابی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خواجہ سعد رفیق آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ مسلم لیگ ن انتخابی مہم میں مقامی مسائل اور ترقیاتی ایجنڈے کو اجاگر کرے گی۔ سربراہ مسلم لیگ ن نواز شریف بھی انتخابی جلسوں میں شرکت کریں گے۔ آزاد کشمیر میں انتخابات 27 جولائی کو منعقد ہو رہے ہیں۔
