سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ (سرینگر) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی نے عمر عبداللہ کی زیر قیادت این سی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوتوا بھارتیہ جنتا پارٹی مالی لالچ دے کر اراکینِ اسمبلی کی وفاداریاں تبدیل کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق آغا روح اللہ نے شوپیاں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی سے اختلافات کے باوجود “ہارس ٹریڈنگ” کے سخت خلاف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی سے تمام تر اختلافات کے باوجود وہ ہارس ٹریڈنگ کی مکمل مخالفت کرتے ہیں۔انہوں نے بی جے پی پر اراکینِ اسمبلی کو مالی لالچ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی پارٹی اور حکومت کے لوگوں کو پیسے اور لالچ کی بنیاد پر وفاداریاں بدلنے پر مجبور کر رہی ہے تاکہ این سی حکومت کو غیر مستحکم کیا جاسکے ۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ موجودہ حکومت کو اپنی آئینی مدت مکمل کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔ آغا روح اللہ نے مزیدکہاکہ ہر قسم کی ہارس ٹریڈنگ جمہوریت اور عوامی مینڈیٹ کے خلاف ہے۔ اس حکومت کو اپنی مدت پوری اور عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔آغا روح اللہ نے کہا کہ اگر اختلافات ہوں بھی تو وہ اصولوں کی بنیاد پر ہونے چاہیں۔
