سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) :غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے تہاڑ اورآگرہ سمیت بھارتی جیلوں میں نظربند کشمیری سیاسی قیدیوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر غلام رسول نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا کہ شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، مسرت عالم بٹ، نعیم احمد خان، فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین سمیت متعدد کشمیری سیاسی رہنماﺅں ، کارکنوں اور نوجوانوں کو جیلوں میںانتہائی مشکل حالات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شدید گرمی کے دوران بھی انہیں طبی سہولیات، مناسب خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے۔ ڈاکٹر غلام رسول نے ایمنسٹی انٹرنیشنل، بین الاقوامی ریڈکراس کمیٹی، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری سیاسی قیدیوں کی صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور بھارتی حکومت پر دباﺅ ڈالیں کہ وہ بین الاقوامی اداروں کو بھارتی جیلوں تک آزادانہ اور بلا رکاوٹ رسائی فراہم کرے۔انہوں نے خاص طورپر بین الاقوامی ریڈکراس کمیٹی سے اپیل کی کہ وہ ان جیلوں کا دورہ کرے جہاں کشمیری سیاسی قیدی نظر بند ہیں اوران کی حالت زار کا جائزہ لے ۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ شدید بیمار اور کمزور قیدیوں کا فوری طبی معائنہ اور مناسب علاج کیا جائے،بالخصوص دور دراز جیلوں میں نظربند کشمیریوں کو اپنے اہلخانہ سے باقاعدہ ملاقات اور رابطے کی سہولت فراہم کی جائے اورکشمیری نظربندوں کی مسلسل بین الاقوامی نگرانی کی جائے۔ڈاکٹر غلام رسول نے کہاکہ کسی بھی قیدی پر عائد الزامات یا مقدمات سے قطع نظر، ہر قیدی بہترسلوک، عزت و وقار، طبی نگہداشت، مناسب خوراک و پانی، اہل خانہ سے رابطے اور قانونی معاونت کا حق رکھتا ہے۔
