Input your search keywords and press Enter.

بھارتی قبضے میں کشمیریوں کی عزت و وقار ، جان ومال ، تہذیب و شناخت کچھ محفوظ نہیں، حریت کانفرنس

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک خاتون کشمیری افسر کے ساتھ بھارتی افسرکے توہین آمیز رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قبضے میں کشمیریوں کی عزت و وقار ، جان ومال ، تہذیب و شناخت کچھ محفوظ نہیں۔

ذرائع کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس افسر بینش وانی کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بے لگام بھارتی افسر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔انہوںنے کہا کہ بھارتی افسر کا ایک کشمیری خاتوں افسر کے ساتھ ایسا نازیبا رویہ دراصل کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا نتیجہ ہے۔ترجمان نے کیا کہ بی جے پی حکومت نے بنیادی طورپر دفعہ 370اور 35اے کا خاتمہ کشمیریوں کو دیوا ر کیساتھ لگانے ، ان کی شناخت مٹانے اور انہیں اپنے ہی وطن میں اجنبی بنانے کیلئے کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کرنے بعد کشمیریوں کو ہر ایک چیز سے محروم کرنے کی ایک منصوبہ بند پالیسی پر عمل پیرا ہے ، کشمیری اس وقت اظہار رائے کی آزادی کے حق سمیت تمام بنیادی حقوق سے محروم ہیں ، انہیں مختلف حیلے بہانوں سے گھروں ، زمینوں اور دیگر املاک سے محروم کیا جا رہا ہے ، کشمیری سرکاری ملازمین کی ایک بڑی تعداد کو برطرف کر کے ان کی جگہ بھارتی ہندو ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے کے ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی لا کے اب تک لاکھوں بھارتی ہندوئوں کو عالمی سطح پر تسلیم شدہد متنازعہ خطے کی شہریت دی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ علاقے میں بھارتی ہندوئوں کو لا بسانے کا یہ اقدام مسلم اکثریتی خطے میں آبادی کے تناسب کے تناسب کو تبدیل کرنے کی مکروہ بھارتی سازش کا حصہ ہے ۔

انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ کشمیراور کشمیریوں کے خلاف مذموم بھارتی منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ کشمیری بھارت کی تمام سازشوں ، چالوں اور ریشہ دوانیوںکے باوجود اپنے لاکھوں شہدا ء کے عظیم مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیںگے۔ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی جبر وستم کا نوٹس لیکر تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اس پر دبائو ڈالے۔

یاد رہے کہ ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس افسر راجیورنجن نے ایک آن لائن جائزہ اجلاس کے دوران کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس افسر بینش وانی کے ساتھ انتہائی ہتک آمیز رویہ اختیار کیا اورانکا موقف سنے بغیرانہیں معطل کرنے کی دھمکی دی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے جس میں بھارتی افسر کو انتہائی غصے میں خاتوں افسر کو ڈراتے دھمکاتے دیکھا جاسکتاہے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *