سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (مظفرآباد) : مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں پیش آنے والے واقعے کے بعد بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر پاکستان پر الزامات عائد کرنا شروع کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کلگام میں بھارت کا ایک اور فالس فلیگ آپریشن سامنے آیا ہے، جس کے بعد پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگانے کے لیے بھارتی گودی میڈیا پھر سے اپنا گھسا پٹا اسکرپٹ لے کر میدان میں اتر آیا۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کلگام واقعے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
اس واقعے کی آڑ میں بھارتی میڈیا نے حسبِ روایت بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی شروع کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی میڈیا اس واقعے میں کلگام ہی کے ایک مقامی رہائشی لطیف بھاٹ کا نام لے رہا ہے اور ان کا تعلق مقبوضہ کشمیر کی ایک مزاحمتی تنظیم سے جوڑتے ہوئے یہ منفی پروپیگنڈا کر رہا ہے کہ اس کارروائی کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے۔
دفاعی و سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ وادی میں اپنی ناکامیوں اور مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے اس طرح کے فالس فلیگ آپریشنز کا سہارا لیتا ہے، اور مقامی کشمیری نوجوانوں کے نام استعمال کر کے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرتا ہے، جو ماضی کی طرح اس بار بھی ناکام ہو گی۔
