سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) : غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر اورسابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے خوف کی وجہ سے بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کو نقصان نہیں پہنچا سکتا، کشمیریوں کو اپنے حقوق کے لیے متحد ہونا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق فاروق عبداللہ نے بارہمولہ میں اپنی پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر موقع پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، کیا آپ لوگوں کو دلی حکومت سے یہ امید ہے کہ آپ کو انصاف دے گی؟
فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیری اگر ہمت سے بھارت کا مقابلہ نہیں کریں گے تو مٹ جائیں گے، پاکستان دنیا میں کشمیر کا معاملہ اٹھا رہا ہے، اسی لیے کشمیریوں کی آواز سنی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مختلف عالمی فورمز پر جا کر کشمیریوں کے بارے میں بات کر رہا ہے۔ اسی وجہ سے جموں و کشمیر کے عوام محفوظ ہیں۔ ورنہ کشمیریوں کے حوالے سے بھارت کے عزائم درست نہیں ہیں۔
