سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (لاہور) : کشمیر سنٹر لاہور اور لیڈرز میڈیا اویئرنس فاﺅنڈیشن کے اشتراک سے “میڈیا کا کردار اور مسئلہ کشمیر: شعور، ابلاغ اور قومی ذمہ داری” کے عنوان سے ایک خصوصی نشست منعقد کی گئی، جس میں مسئلہ کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں میڈیا کے کردار، موثر ابلاغ کی اہمیت اور قومی ذمہ داریوں پر تبادل خیال کیا گیا۔
نشست سے انچارج سنٹرانعام الحسن، چیئرمین لیڈرز میڈیا اوئیرنس فاونڈیشن علی بخاری، صدر نصیرالحق ہاشمی ، جنرل سیکرٹری مصور علی زنجانی، رکن اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان رانا شفیق خان پسروری، صابراعوان، شہریارمرزا،ریاض چشتی، سعید حسن خان، رجب علی، ناصرظہیر، ثاقب بٹ اور محمدفیضان خان نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق، حقِ خودارادیت اور ان کے مستقبل سے وابستہ ایک اہم انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے۔ اس مسئلے کو بھر پور انداز میں اجاگر کرنے کے لیے میڈیا کو ذمہ دارانہ صحافت، مستند معلومات، موثر ابلاغ اور جدید ذرائع ابلاغ سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔مقررین کا کہنا تھا کہ ذرائع ابلاغ عوامی شعور کی تشکیل اور قومی و بین الاقوامی رائے عامہ کو متوجہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حقائق پر مبنی رپورٹنگ، تحقیقاتی صحافت، دستاویزی مواد، ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل میڈیا کے موثر استعمال کے ذریعے کشمیری عوام کی آواز کو وسیع تر حلقوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے صحافیوں، کالم نگاروں، دانش وروں، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور متعلقہ سرکاری اداروں کے مابین رابطوں اور تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت سے آگاہ کرنے کے لیے بھی میڈیا موثر کردار ادا کر سکتا ہے۔
اس موقع پر کشمیر سنٹر لاہور کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے جاری سرگرمیوں اور مستقبل میں میڈیا کے ساتھ اشتراکِ عمل کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے شعور و آگہی کے فروغ، مستند معلومات کی ترسیل اور قومی ذمہ داریوں کے احساس کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔نشست کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے مسلسل مکالمے، ذمہ دارانہ صحافت اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینا ناگزیر ہے، تاکہ کشمیری عوام کے موقف اور ان کے حقِ خودارادیت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر موثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔
