سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) :غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے جھوٹے الزامات کے تحت دوکشمیری نوجوانوں کی چھ سالہ غیر قانونی طورپرنظربندی پر احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق میرواعظ نے دونوں نوجوانوں کی رہائی پرردعمل ظاہرکرتے ہوئے انکے غیر قانونی نظربندی کے دوران ضائع ہونے والے سالوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہایہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ بارہمولہ کے دو نوجوانوں کوکالے قانون کے تحت جیل میں چھ قیمتی سال گزارنے پڑے اور بعد ازاں انہیں شواہد کی کمی کے باعث رہا کر دیاگیا۔انہوں نے کہاکہ یہ مقدمہ ایک بار پھر کشمیری نوجوانوں کی اندھا دھند گرفتاری اور طویل قید کے مسئلے کو اجاگر کرتا ہے۔ کیا ان کے ضائع ہونے والے سالوں کی کوئی تلافی ہو گی ؟
بھارتی پارلیمنٹ کے رکن اسد الدین اویسی نے بھی انصاف کے تقاضے پورے نہ ہونے پر سوال اٹھایاہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جیل میں ضائع ہونے والے چھ سالوں کی تلافی کون کرے گا؟
اس سے قبل، مقبوضہ جموں و کشمیر کی ایک عدالت نے بارہمولہ کے دو نوجوانوں کوچھ سال کی غیر قانونی نظربندی کے بعد بری کر دیاتھا۔ ان میں سوپور سے تعلق رکھنے والے حذیف فردوس بٹ اور بارہمولہ کے رہائشی اعجاز احمد بٹ شامل تھے۔
خصوصی عدالت کے جج، فیروز احمد خان نے ان کی بریت کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے مقدمے میں استغاثہ کے سنگین تضادات اور کمزوریوں کی نشاندہی کی۔عدالت نے کہاکہ استغاثہ کے پیش کردہ شواہد میں ایسے نمایاں تضادات اور نقائص موجود ہیں جن کی بنیاد پر کسی کو مجرم قرار دینا غیر محفوظ ہوگا۔
16ستمبر 2020 کو پولیس نے حذیف اور اعجاز کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے دو دستی بم اور گولیوںکے 100رائونڈز اورکالعدم تنظیم کے پوسٹرزبرآمد کرنے کا دعوی کیاتھا۔ انکے خلاف غیر قانونی سرگرمیوںکی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کی دفعہ 18، 23 اور 39 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ آرمز ایکٹ کی دفعہ 7/25 بھی لگائی گئی تھیں۔جبکہ ملزمان کا موقف تھا کہ انہیں رات گئے ان کے گھروں سے گرفتار کیا گیا۔
