Input your search keywords and press Enter.

کشمیر کے بارے میں قراردادوں پر عملدرآمد اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے، حریت کانفرنس

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ علاقے کی بدترین صورتحال پر عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی خاموشی سے مظلوم کشمیری عوام پر مظالم ڈھانے اور ریاستی دہشت گردی جاری رکھنے کے لئے بھارت کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کا فرض ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے بارے میں اپنے روڈمیپ پر عمل درآمد کرے تاکہ اسے کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے غیر قانونی قبضے کو چیلنج کرنے پر کشمیریوں کو ان ہی کی سرزمین پر نشانہ بنا رہا ہے جبکہ متنازعہ علاقے میں بھارتی فورسز اور ایجنسیوں کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں، گھروں پر چھاپے، بلاجواز گرفتاریاں اور بے گناہ لوگوں کو ہراساں کرنا ایک معمول بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں تباہی پھیلانے کے باوجود بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کشمیری عوام نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے آزادی کی شمع کو روشن رکھا ہے۔ ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی آنکھیں کھولے اور دیکھے کہ محصور کشمیریوں کو بھارتی قبضے میں کس طرح کی سنگین صورتحال کا سامنا ہے اور بھارت کو مجبور کرے کہ وہ کشمیری عوام کی امنگوں کا احترام کرے اور انہیں بغیر کسی تاخیر کے ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *