Input your search keywords and press Enter.

برطانوی وزیرِ مملکت اسٹیفن ڈاؤتھی کا کونسلر محمد نسیم کے خط کا باضابطہ جواب؛ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی صورتحال اور انٹرنیٹ بندش پر برطانوی حکومت کا اظہارِ تشویش

وولورہیمپٹن / لندن (سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز): برطانیہ کی وزارتِ خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقی (FCDO) کے وزیرِ مملکت اسٹیفن ڈاؤتھی (Stephen Doughty) نے سٹی آف وولورہیمپٹن کونسل کے پارک وارڈ سے کونسلر محمد نسیم کے خط کا باضابطہ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی حکومت پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی حالیہ صورتحال، جانی نقصانات اور مواصلاتی بندشوں پر سنجیدہ تشویش رکھتی ہے۔

 

کونسلر محمد نسیم نے 29 جولائی کو برطانوی وزیراعظم کو خط ارسال کر کے خطے کی کشیدہ صورتحال اور انسانی حقوق کے معاملات پر توجہ مبذول کرائی تھی۔ اس کے جواب میں مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان کے وزیرِ مملکت اسٹیفن ڈاؤتھی نے اپنے تحریری مراسلے (حوالہ نمبر N10#2026/19555) میں کہا کہ حالیہ واقعات میں عام شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کی قیمتی جانوں کا ضیاع برطانوی حکومت کے لیے باعثِ تشویش ہے۔

 

وزیرِ مملکت نے واضح کیا کہ برطانیہ نے اس معاملے کو پاکستانی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطح پر اٹھایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق وزیر ہیمش فالکنر نے جون میں اسلام آباد کے دورے کے دوران پاکستانی حکام سے اس صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی تھی، جبکہ جولائی میں منصب سنبھالنے کے بعد خود انہوں نے بھی اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ براہِ راست یہ معاملہ اٹھایا اور وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

 

مراسلے میں اس بات کا بھی اعتراف کیا گیا کہ خطے میں انٹرنیٹ اور موبائل ڈیٹا سروسز کی بندش کے باعث برطانیہ میں مقیم کشمیری تارکینِ وطن، بالخصوص وہ خاندان جن کے عزیز و اقارب وہاں مقیم ہیں، شدید ذہنی دباؤ اور پریشانی کا شکار ہیں۔

 

برطانوی شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے اسٹیفن ڈاؤتھی نے کہا کہ شہریوں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور FCDO نے 6 جون کو سفری ہدایات اپڈیٹ کرتے ہوئے خطے کے غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا تھا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ برطانوی حکومت صورتحال کی قریبی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے اور ان کی ٹیمیں مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *