Input your search keywords and press Enter.

راولاکوٹ اور پونچھ کے 14 نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن منسوخ؛ حکام کے مطابق کارروائی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور ریاستی سالمیت کے منافی سرگرمیوں کی رپورٹ پر کی گئی

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (راولاکوٹ / مظفرآباد) : پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے محکمہ تعلیم نے ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں راولاکوٹ، ہجیرہ، جنڈالی اور تھوراڑ میں قائم 14 نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

 

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ سرکاری حکم نامے کے مطابق، ان نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن منسوخی کی منظوری چیئرمین آزاد جموں و کشمیر پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز رجسٹرنگ اتھارٹی (PEIRA) نے دی ہے۔ حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ کارروائی “نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن، ریگولیشن اور فروغ سے متعلق قواعد 2015ء” کے رول 8(3) کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔

 

سرکاری ذرائع اور حکم نامے کے متن کے مطابق، مذکورہ تعلیمی اداروں کے خلاف ریاست کی سالمیت اور یکجہتی کے منافی سرگرمیوں میں شرکت سے متعلق موصول ہونے والی رپورٹس کی بنیاد پر یہ انتہائی قدم اٹھایا گیا ہے۔

 

دوسری جانب تعلیمی و سماجی حلقوں اور والدین کی جانب سے ان اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات کے تعلیمی مستقبل اور تدریسی عمل متاثر ہونے کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ متاثرہ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ یا نجی اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے اس فیصلے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل یا قانونی چارہ جوئی سے متعلق موقف سامنے نہیں آیا ہے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *