ڈاکٹر نذر حافی
سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم
مقبوضہ کشمیر کی بیٹیاں اس وقت دنیا بھر میں سب سے زیادہ غیر محفوظ ہیں۔ اگست 2019 کے آئینی اقدامات اور طویل عسکری محاصرے کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کے ہزاروں گھرانے اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی پراسرار گمشدگی کا کرب سہہ رہے ہیں۔ بھارتی سرکاری ریکارڈ کے مطابق 2019 سے 2026 کے وسط تک 16,397 خواتین اور کم عمر بچیاں لاپتہ ہوئیں۔ ان میں سے 4,271 (بشمول 1,016 کم عمر بچیاں) تاحال بازیاب نہیں ہو سکیں۔ سال 2025 میں ایک ہی برس کے دوران 2,595 بالغ خواتین لاپتہ ہوئیں جن میں سے 493 کا آج تک کوئی سراغ نہ ملا۔ دنیا کے کڑے ترین فوجی حصار میں جیتی جاگتی کشمیری خواتین کا یوں بے نشان ہو جانا ہر انسان اور خاص کر ہر مسلمان کے منہ پر طمانچہ ہے۔
امن قائم کرنے کے نام پر کی جانے والی اس درندگی پر ساری دنیا، خصوصاً پاکستان بھی خاموش ہے۔ 2019 سے 2021 کے ابتدائی دو برسوں میں ہی جب 9,765 خواتین اور کم عمر بچیاں لاپتہ ہوئیں، اس وقت بھی عالمی اداروں کی خاموشی نے مقبوضہ کشمیر پر قابض فورسز اور جرائم پیشہ عناصر کو مزید جری کیا۔ کشمیری خواتین کی یہ گمشدگیاں کسی حادثے یا اچانک اتفاق کا نتیجہ نہیں ہیں، یہ 1989 سے اب تک 11,286 مسلمان خواتین کی بے حرمتی کے اس تسلسل کا حصہ ہیں جسے عالمی اداروں نے دستاویزی شکل دی ہے۔ فروری 1991 میں کنن پوشپورہ کے محاصرے میں 23 سے 40 خواتین کی اجتماعی بے حرمتی، مئی 2009 میں شوپیاں کی آسیہ اور نیلوفر کا قتل اور 2018 میں کٹھوعہ کی آٹھ سالہ آصفہ بانو کی درندگی اسی زنجیر کی کڑیاں ہیں۔ دنیا جانتی ہے کہ خصوصی فوجی اختیارات کے قانون (AFSPA) نے ہمیشہ مجرموں کو قانونی تحفظ دیا ہے، لیکن اس کے باوجود دنیا خاموش ہے۔ وردی پوش پہرے داروں کے حصار میں کشمیری خواتین کی عزت و ناموس کا غیر محفوظ ہو جانا اس سرزمین کا سب سے گہرا دکھ ہے۔
شہریوں کے تحفظ پر مامور لاکھوں اہلکاروں کی موجودگی میں ہزاروں بچیوں کا لاپتہ ہو جانا کوئی معمولی بات نہیں۔ سال 2025 اور اگست 2026 کے محض بیس ماہ کے دوران 575 کم عمر بچیوں کے لاپتہ ہونے اور ان میں سے 324 بچیوں کے تاحال نہ ملنے کے سرکاری اعداد و شمار بھارت کی سفاکانہ سوچ کا ثبوت ہیں۔ جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی قوانین کے تحت مقبوضہ علاقے کی خواتین کا تحفظ نئی دہلی کی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ایک ہزار سے زائد کم عمر بچیوں کا سالہا سال لاپتہ رہنا منظم انسانی اسمگلنگ کا شاخسانہ نہیں تو اور کیا ہے؟
یہ بھارت کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ کالے قوانین ختم کر کے ریاستی اہلکاروں کو انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے جوابدہ بنائے۔ مقبوضہ کشمیر کی مقامی حکومت اور انتظامیہ کا رویہ بھی شدید غفلت کا عکاس ہے۔ جدید فرانزک وسائل کے استعمال میں سستی اور محض کاغذی کارروائی تک محدود مقدمات نے متاثرہ خواتین کے خاندانوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ سرکاری ریکارڈ کے ذریعے یہ ہوشربا حقائق سامنے آنے کے باوجود تاحال کوئی خصوصی ٹاسک فورس تشکیل نہیں دی گئی۔ امن و امان کے بلند بانگ دعوؤں کے بیچ کشمیری خواتین کا یوں غائب ہو جانا فلسطین اور غزہ سے بھی بڑھ کر ہولناک المیہ ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں سالہا سال سے جاری جبر پر انسانی حقوق کی علمبردار عالمی دنیا کی پراسرار خاموشی مقبوضہ وادی میں مظالم کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ 2019 سے 2026 کے درمیان لاپتہ ہونے والی کل 1,804 کم عمر بچیوں میں سے نصف سے زائد بچیوں کا آج بھی لاپتہ ہونا عالمی برادری، اسلامی ممالک اور پاکستان کے لیے فوری توجہ کا متقاضی ہے۔ مسئلہ کشمیر کا بنیادی فریق ہونے کے ناطے پاکستان پر یہ سفارتی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کشمیری خواتین سے متعلق ان مصدقہ سرکاری اعداد و شمار کو اقوامِ متحدہ اور عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں پیش کرے۔ اس بحران کے فوری حل کے لیے بین الاقوامی اداروں اور مسلم دنیا کے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (UNHRC) اور یونیسیف (UNICEF) مقبوضہ کشمیر میں ایک آزاد فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کے لیے بھارت پر سفارتی دباؤ ڈالیں۔ اس مشن کے ذریعے لاپتہ ہونے والی 4,271 خواتین کی بازیابی اور پرانے سانحات کی شفاف تحقیقات یقینی بنائی جائیں۔ عالمی ادارے بھارت کو پابند کریں کہ وہ مقبوضہ علاقے میں فوجی اہلکاروں کا قانونی استثنیٰ ختم کرے۔ اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور بااثر مسلم ممالک بھارت کے ساتھ اپنے تجارتی اور سفارتی تعلقات کو کشمیری خواتین کی عزت و ناموس کے تحفظ اور انسانی حقوق کی بحالی سے مشروط کریں۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلانے والے ملک کی طرف سے ایک متنازع و مقبوضہ خطے میں مظالم کا یہ طویل سلسلہ عالمی ضمیر کو فوری عمل کی دعوت دیتا ہے۔
