Input your search keywords and press Enter.

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (JKLF) کے چیئرمین سردار محمد صغیر خان کا اہم بیان؛ پونچھ اور راولاکوٹ میں کسی بھی ممکنہ آپریشن کی شدید مخالفت، تمام فریقین سے بندوق کے بجائے بااختیار مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کا مطالبہ

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (مظفرآباد / راولاکوٹ) : جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (JKLF) کے چیئرمین سردار محمد صغیر خان نے اپنے ایک تفصیلی بیان میں خطے کی موجودہ سیاسی و سکیورٹی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ سے پونچھ ڈویژن اور بالخصوص راولاکوٹ کے عوام سنگین حالات کی بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں، جبکہ حالیہ سیاسی و انتظامی پیش رفت سے خطے میں ایک نئے آپریشن کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں جس کی وہ بھرپور مخالفت اور مذمت کرتے ہیں۔

 

سردار محمد صغیر خان نے الزام عائد کیا کہ اسٹیبلشمنٹ کی اندرونی کشمکش کے باعث پہلے 23 نومبر کو اسلام آباد میں منعقدہ کانفرنس کے ذریعے بات چیت کی امید پیدا کی گئی، لیکن اگلے ہی روز وزیرِ مملکت طلال چوہدری کی پریس کانفرنس، 24 نومبر کو اسلام آباد میں وزیراعظم کی ملاقات اور پھر 25 نومبر کو مظفرآباد کی قانون ساز اسمبلی سے ایک قرارداد منظور کروا کر فورسز کے ذریعے آپریشن کی راہ ہموار کی گئی ہے۔

 

انہوں نے نشاندہی کی کہ اس ممکنہ کارروائی کا مرکز پونچھ ڈویژن کا شہر راولاکوٹ ہے، جبکہ پونچھ اور سدھنوتی کے اضلاع کی مظفرآباد اسمبلی میں اس وقت کوئی نمائندگی ہی موجود نہیں ہے۔ سردار صغیر خان کے مطابق جن علاقوں میں حالات معمول پر ہیں وہاں کے اراکین سے قرارداد منظور کروا کر ایک واضح علاقائی تقسیم پیدا کی گئی ہے اور بغیر نمائندگی والے خطے کے عوام کے خلاف کارروائی کا جواز تراشا جا رہا ہے۔

 

چیئرمین جے کے ایل ایف نے مزید الزام لگایا کہ خفیہ اداروں اور مختلف عناصر کی مداخلت سے خطے کے حالات خراب کیے گئے اور اب بیرونی و کالعدم عناصر کی موجودگی کو جواز بنا کر پورے علاقے اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر خطے میں کسی قسم کا آپریشن کیا گیا تو وہ اس کے خلاف سراپا احتجاج ہوں گے اور اس کے نتائج کی ذمہ داری حکمران طبقات، اداروں اور اس عمل میں حصہ ڈالنے والے تمام کرداروں پر عائد ہوگی۔

 

اپنے بیان کے آخر میں سردار محمد صغیر خان نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ راولاکوٹ، پونچھ اور سدھنوتی کے بے گناہ شہریوں اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے تمام فریقین بندوق کا راستہ ترک کر کے مذاکرات کی میز پر آئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کسی بیرونی مداخلت یا ہینڈلرز کے بغیر خطے کے بااختیار نمائندوں کے ساتھ سنجیدہ اور بامقصد مذاکرات کیے جائیں تاکہ عوام کو موجودہ بحران سے نکالا جا سکے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *