فیصل راٹھور نے حریت وفد کو مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پرمزید موثر طورپر اجاگر کرنے کا یقین دلایا
سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (اسلام آباد): کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے ایک وفد نے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں آزادجموںوکشمیر کے نو منتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی اور انہیں وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ان کی حکومت کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے لیے ہر بین الاقوامی پلیٹ فارم پر سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کو مزید مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔ ملاقات میںاتفاق کیا گیا کہ تحریک آزادی کشمیر ایک مشترکہ قومی فریضہ ہے جسے وسیع تر اتحاد، باہمی مشاورت اور مربوط سفارتی حکمت عملی کے ذریعے ہی کامیابی سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے۔اس موقع پر حریت قیادت اور وزیراعظم آزاد کشمیر اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب تک کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول میں کامیاب نہیں ہوجاتے، جدوجہد آزادی کشمیر پورے عزم اور تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیری عوام کو اس تاریخی مرحلے پر آپ سے مضبوط سیاسی، سفارتی اور اخلاقی قیادت کی توقع رکھتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب وزیراعظم مقبوضہ کشمیر کو اپنی ترجیحات میں نمایاں مقام دیں گے اور امید ظاہر کی فیصل راٹھور مقبوضہ جموں و کشمیر اور آزاد کشمیر دونوں کے مفاد میں بھرپور، فعال اورموثر کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ موثر ہم آہنگی اور مشترکہ حکمت عملی ہی اس جدوجہد کو نئی طاقت دے سکتی ہے۔ملاقات میں جنرل سکریٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ کے جواں سال بیٹے کی وفات پر دکھ اورافسوس کا اظہار اور مرحوم کی بلندی درجات کے لئے دعا بھی کی گئی۔ حریت وفد میں سینئر رہنماء ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ، محمود احمد ساغر، سید فیض نقشبندی، شیخ عبدالمتین، سید اعجاز رحمانی، حاجی محمد سلطان، امتیاز وانی، راجہ شاہین، شیخ عبدالماجد اور سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ شامل تھے۔
