سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما، رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں چودھری غلام عباس کو تحریک آزادی کشمیر کا ایک چمکتا ہوا ستارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق چودھری غلام عباس کا مشن تھا جس کے لئے انہوں نے اپنی آخری سانس تک جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری غلام عباس نے اپنی نوجوانی کے دنوں سے ہی برصغیر کے مسلمانوں کی انگریزوں سے باالخصوص کشمیریوں کی ڈوگرہ شاہی کے جبر سے آزادی کے لئے انتھک جدوجہد کی، کشمیر کی تحریک آزادی میں ایک اہم کردار ادا کیا اور اپنے اس مشن پر ثابت قدم رہے۔ انہوں نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچنے تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، سید فیض نقشبندی، سید یوسف نسیم، رفیق احمد ڈار، الطاف حسین وانی، شمیم شال، میر طاہر مسعود اور ایڈووکیٹ پرویز احمد نے بھی اسلام اسلام آباد سے اپنے بیانات چوہدری غلام عباس کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری غلام عباس اپنی آخری سانس تک جدوجہد آزادی کشمیر سے وابستہ رہے، الحاق پاکستان ان کا مشن تھا جس کے لیے وہ بھرپور جدوجہد کرتے رہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے بھی رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں کشمیر میں دو قومی نظریہ کا کٹر حامی اور پاکستان سے الحاق کا ایک سرکردہ وکیل قرار دیا۔
پیرس میں مقیم کشمیر رہنما چوہدری نعیم اختر نے بھی چوہدری غلام عباس کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری غلام عباس قائداعظم کے قریبی ساتھی، کشمیری مسلمانوں کے حقوق کے محافظ اور پاکستان سے الحاق کے حامی تھے۔
