سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مساجد ایک مومن کے کردار کی تعمیر میں بنیادی رول ادا کرتی ہیں اور اخوت اور ہمدری کے لیے احساسِ ذمہ داری کا درس دیتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے حبہ کدل سرینگر میں مسجد ابراہیم کی تجدید شدہ عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجد انسان میں نظم و ضبط، وقت کی پابندی، برابری، عاجزی اور اجتماعی ذمہ داری کا شعور پیدا کرتی ہے، جہاں نمازی اللہ کے حضور شانہ بشانہ کھڑے ہو کر سماجی اور معاشی فرق مٹا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مساجد اخوت، ہمدردی اور دوسروں کیلئے احساسِ ذمہ داری کا درس دیتی ہیں اور یہ یاد دہانی کراتی ہیں کہ ایمانداری انسان کے اخلاق، معاملات میں دیانت داری اور روزمرہ زندگی کے رویوں میں جھلکنا چاہیے۔ نئی تعمیر شدہ مسجد میں خواتین کے لیے باوقار اور مناسب علیحدہ حصے کے قیام کو سراہتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ خواتین کی مساجد تک رسائی کو آسان بنانا اسلامی تعلیمات اور سنتِ نبویۖ کے عین مطابق ہے۔ میر واعظ نے کہا کہ خواتین کی دینی اور تعلیمی سرگرمیوں میں شرکت خاندانوں کی مضبوطی اور معاشرے کی اصلاح میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ میر واعظ نے زور دیا کہ مساجد کا مقصد دلوں کو جوڑنا اور لوگوں کو قریب لانا ہے، نہ کہ مسلکی تقسیم پیدا کرنا اور یہ کہ مساجد ہمیشہ ہم آہنگی، امن اور مثبت سماجی تبدیلی کے مراکز کے طور پر اپنا کردار ادا کرتی رہیں۔
مساجد اخوت اور ہمدری کیلئے احساسِ ذمہ داری کا درس دیتی ہیں، میر واعظ
