سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ۔بھارت نے 1947ء سے اب تک 35 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو مہاجرت کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا ہے۔ پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 78 سالوں سے جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور مسلسل بھارتی قبضے نے لاکھوں کشمیریوں کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر سے باہر ہجرت کرنے پر مجبور کر دیا ہے اور انہیں آزاد جموں و کشمیر، پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ، امریکہ، کینیڈا اور دیگر ممالک میں پناہ لینا پڑی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت نے 1947ء میں مسلم اکثریتی جموں و کشمیر پر غیر قانونی طو پر قبضہ جما لیا، یوں مسئلہ کشمیر نے جنم لیا۔ بھارت نے کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے کیلئے اب تک 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد کشمیری شہید کیے ہیں جبکہ بھارتی مظالم کی وجہ سے 35 لاکھ سے زائد کشمیری ہجرت پر مجبور ہوئے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ مودی حکومت اپنے ہندوتوا نظریے کو آگے بڑھاتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے اور علاقے کو مکمل طور پر ہندوتوا کے رنگ میں رنگنے پر تلی ہوئی ہے۔
پناہ گزینوں کا عالمی دن، بھارت نے لاکھوں کشمیریوں کو مہاجرت کی زندگی گزارنے پر مجبور کر دیا
