Input your search keywords and press Enter.

بھارتی فورسز نے ایک اور کشمیری نوجوان کو گرفتار کر لیا

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی فورسز نے اونتی پورہ کے علاقے وویان کھریو سے گلاب باغ ترال کے رہائشی نوجوان جاوید احمد حجام کو گرفتار کیا۔ بھارتی قابض فورسز نے جاوید احمد پر کشمیری مجاہدین کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ بھارتی فورسز بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا جواز پیش کرنے کیلئے اسے بھونڈے الزام کا سہارا لیتی ہیں۔ جاوید کیخلاف کالے قانون کے تحت ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔جاوید حجام کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا گیا ہے۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی قابض فورسز کی طرف سے بے گناہ کشمیریوں کی جھوٹے الزامات کے تحت بار بار گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کے جابرانہ اقدامات بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں جن سے کشمیریوں میں بھارت کے خلاف غم و غصہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد کشمیریوں کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکنے کیلئے خوف و دہشت کا نشانہ بنانا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں بڑی تعداد میں قابض فوجیوں کی تعیناتی، تلاشی کی کارروائیوں اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ جھوٹے لزامات کے تحت کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنانے سے صرف ان میں بھارت کے خلاف غم و غصہ بڑھے گا اور مقبوضہ علاقے میں صورتحال معمول پر آنے کے بھارتی قابض انتظامیہ کے کھوکھلے دعوے بے نقاب ہوں گے۔

حریت ترجمان کہا کہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی تسلط کے شکار کشمیری عوام کو مقبوضہ علاقے میں تعینات دس لاکھ سے زائد قابض فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کرنے، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، دوران حراست قتل، جبری گرفتاریوں، املاک کی ضبطگی جیسی انتقامی کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔ حریت رترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے محصور لوگوں کو بھارتی تسلط سے نجات دلانے کیلئے فوری مداخلت کرے اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *