سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (رپورٹ محمد خورشید بیگ) راولاکوٹ : جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام عوامی حقوق دھرنے کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاری، راکٹ لانچرز سمیت خطرناک ہتھیاروں کے استعمال کا عندیہ، تین محلوں کے رہائشیوں کو گھر خالی کرنے کی ہدایت ۔ راولاکوٹ میں جاری دھرنے کے خلاف ممکنہ بڑے آپریشن کے خدشے کے پیش نظر شہر کے تین محلوں کے رہائشیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز نسیم ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن اور جبوتہ ٹاؤن کے معززین پر مشتمل وفد نے ڈپٹی کمشنر راولاکوٹ سے ملاقات کی اور انہیں فورسز اور انتظامیہ کی جانب سے گھروں کو خالی کرنے کے احکامات ملنے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنے آبائی گھروں کو چھوڑ کر کہاں جائیں؟ اگر انتظامیہ انہیں گھروں سے منتقل کرنا چاہتی ہے تو پہلے متبادل رہائش کا انتظام کیا جائے۔ وفد نے موجودہ حالات میں اپنے گھر خالی کرنے سے معذوری ظاہر کی ہے
ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر راولاکوٹ نے وفد کو دوٹوک انداز میں خبردار کیا کہ راولاکوٹ میں دھرنوں کے خلاف حتمی آپریشن ہونے والا ہے، جس میں راکٹ لانچرز سمیت دیگر خطرناک ہتھیار استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے مبینہ طور پر وفد کو ہدایت کی کہ اگر انہیں اپنی جانیں عزیز ہیں تو فوری طور پر اپنے گھر خالی کر دیں ڈپٹی کمشنر کے اس مبینہ انتباہ کے بعد نسیم ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن اور جبوتہ ٹاؤن کے مکینوں میں خوف و ہراس اور شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ شہریوں کا بنیادی سوال یہ ہے کہ اگر کسی بڑے آپریشن کا خطرہ موجود ہے تو عام شہریوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں کے تحفظ اور متبادل رہائش کی ذمہ داری کون ادا کرے گا ؟
