Input your search keywords and press Enter.

فیصل ممتاز راٹھور کا سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کا دورہ، نومنتخب عہدیداران کو کامیابی پر مبارکباد دی

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری فیصل ممتاز راٹھور نے سینٹرل پریس کلب مظفرآباد کا دورہ کیا اور نو منتخب عہدیداران کو کامیابی پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے نو منتخب صدر سہیل مغل، سیکرٹری جنرل شہزاد لولابی سمیت جملہ عہدیدران کو مبارکباد دی۔ سینٹرل پریس کلب آمد پر نو منتخب صدر سہیل مغل اور سیکرٹری جنرل شہزاد لولابی سمیت دیگر عہدیداروں اور سینئر صحافیوں نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے سنٹرل پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارک باد دی اور ہار پہنائے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت میڈیا کی آزادی، آزاد صحافت کے فروغ اور صحافیوں کی خوشحالی پر یقین رکھتی ہے۔وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے عوام کو خوشخبری سنائی کہ اووسیز کشمیریز کانفرنس آزاد خطہ کی معاشی ترقی میں بڑا سنگ میل ثابت ہو گی۔

آزاد کشمیر حکومت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی جس کے نتیجہ میں ریاست کے اندر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع میسر آئیں گے اور حقیقی معنوں میں ترقی کے اہداف کو پورا کرنے اور بے روز گاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے تعاون کے بغیر دیرپا ترقی اور خوشحال ریاست کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ دو ماہ میں سیاسی جمود توڑ کر عوام کا اعتماد بحال کیا۔عوام کو بنیادی ضرویات کی فراہمی کے لیے حکومت کوشاں ہے۔ مختصر عرصہ میں کابینہ کے سات جبکہ قانون ساز اسمبلی کے تین اجلاس ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ مثبت تنقید کا خیر مقدم کریں گے۔
پیپلز پارٹی میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔

صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر اقدامات کریں گے۔ مسائل کے حل کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ میڈیا کا اہم کردار ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت،جمہوری اداروں کے استحکام اور صحافتی آزادیوں کے لیے سنٹرل پریس کلب کا ہمیشہ نمایاں کردار رہا ہے۔ یہ ریاست کا اہم صحافتی ادارہ ہے۔ سینئر صحافیوں نے میرے والد محترم کے ساتھ بھی وقت گزارا ہے، مظفرآباد کے ساتھ اپنے والد محترم کی وجہ سے آج تک ایک خصوصی تعلق قائم ہے جس سے کسی صورت فراموش نہیں کر سکتے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دارالحکومت کی ترقی اور اسے خوبصورت بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔وزیراعظم نے نو منتخب عہدیداران و اراکین مجلس عاملہ سہیل مغل، شہزاد لولابی، شاہ ذیب افضل، خورشید چوہدری، اکمل جاوید، سید تصدق کاظمی، عارف عرفی، عباس گردیزی، عبدالواجد خان، خرم عطا شیخ، اشفاق شاہ، اشتیاق آتش، راجہ شوکت اقبال کو مبارک باد دی اور ہار پہنائے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *