Input your search keywords and press Enter.

پوری دنیا اس وقت امید ویقین کیساتھ اسلام آباد کی طرف دیکھ رہی ہے، میر واعظ

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ پوری دنیا اس وقت امید و یقین کے ساتھ اسلام آباد کی طرف دیکھ رہی ہے اور مشرق وسطی کو مزید تباہی سے بچانے کیلئے کسی پیش رفت کا انتظار کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق میرواعظ نے آج سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو بھی امید ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں جاری مذاکرات ایران، لبنان اور بالآخر فلسطین کو تباہی و تشدد سے نجات دلائیں گے۔ میر واعظ نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے عوام جو گزشتہ کئی دہائیوں سے مشکلات و تکالیف برداشت کر رہے ہیں ، جنگوں کے ہوشربا نتائج اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے پوری طرح واقف ہیں۔انہوں نے کہا کہ طویل تنازعات اپنے پیچھے تباہی و بربادی اور زخم چھوڑ جاتے ہیں، دیرپا امن طاقت کے ذریعے نہیں بلکہ صرف اور صرف انصاف پر مبنی مخلصانہ اور تعمیری بات چیت کے ذریعے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

حریت کانفرنس کے سینئر رہنما نے لبنان کے خلاف حالیہ اسرائیلی جارحیت اور دارلحکومت بیروت اور دیگر علاقوں میں شہریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حکومت تشدد کی مسلسل مرتکب ہورہی ہے اور خطے میں امن کے مواقع کو دانستہ طور پر خراب کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی جارحانہ کارروائیاں بحران کو مزید گہرا کرتی ہیں اور کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی حل اس وقت تک پائیدار ثابت نہیں ہوگا جب تک کہ مسئلہ فلسطین کو فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین پر جائز اور ناقابل تنسیخ حقوق مہیا کر کے حل نہیں کیا جاتا۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *