سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ (جموں)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مختلف سکھ تنظیموں نے علاقے کو درپیش سیاسی ،سماجی و اقتصادی خدشات پر اپنی آواز بلند کی ہے۔
میڈیا سورسز کے مطابق مختلف سکھ تنظیموں کا ایک اجلاس جموں میں بھائی کنہیا نشکم سیوا سوسائٹی کے چیف آرگنائزر مہندر سنگھ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں شرکا نے ریاست کی بحالی میں تاخیر، بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور دیگرمعاملات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔موہندر سنگھ نے کہا کہ بھارتی حکومت نے ریاستی درجے کی بحالی کا وعدہ کیا تھا جو اس نے تاحال پورا نہیں کیااور بار بار کی یقین دہانیوں کے باوجود ابھی تک اس حوالے سے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی بیروزگاری، مہنگائی نے لوگوں کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے اور علاقے کی زمینی صورتحال انتہائی ابتر ہے اور لوگ شدید مشکلات اور پریشانی کا شکار ہیں۔
