Input your search keywords and press Enter.

کشمیری بچے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ (سرینگر) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں معصوم کشمیر بچے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار ہیں ۔ بے لگام بھارتی فورسز اہلکاروں نے جنوری 1989 سے اب تک 9سو33بچے شہید جبکہ 1لاکھ8ہزار 7بچے یتیم کر دیے ہیں۔میڈیا سورسز کے مطابق ریسرچ سیکشن کی طرف سے آج ”جارحیت کا شکار معصوم بچوں کے عالمی دن” پر جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ جنوری 1989 سے اب تک بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے 96ہزار 4سو97کشمیریوں میں 933 بچے بھی شامل ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قابض بھارتی فورسز کی طرف اس عرصے کے دوران بڑے پیمانے پر قتل و غارت کے نتیجے میں علاقے میں 1لاکھ8ہزار 7بچے یتیم ہوئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں، پیرا ملٹر اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے فائر کیے گئے پیلٹ، گولیوں اور آنسو گیس کے گولوں سے سکول کے بچوں اور لڑکیوں سمیت ہزاروں افراد زخمی بھی ہوئے۔ زخمی ہونے والے معصوم بچوں میں حبا جان، شاہد فیاض، اویس احمد، آصف احمد شیخ، انشا مشتاق، عاقب ظہور، الفت حمید، بلال احمد بٹ، طارق احمد گوجری اور فیضان اشرف تانترے سمیت سینکڑوں افراد شامل ہیں ۔ پیلٹ چھرے لگنے سے ان بیگناہوں کی ایک یا دونوں آنکھوں کی بینائی مکمل طور پر ختم ہو گئی ہے ۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور جعلی مقابلوں کے دوران سینکڑوں لڑکوں کے ساتھ ساتھ 19 سال سے کم عمر کی لڑکیوں کو بھی شہید کیا جا چکا ہے جب کہ 19 سال سے کم عمر لڑکوں کی ایک بڑی تعداد کو مقبوضہ علاقے اور بھارت کی مختلف جیلوں میں کالے قوانین کے تحت غیر قانونی حراست کا سامنا ہے۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ آج جب دنیا بھر میں جارحیت کا نشانہ بننے والے معصوم بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے وہیں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑی تعداد میں کم سن بچوں کے ساتھ زیادتی اور ناروا سلوک مسلسل جاری ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین، انسانی حقوق اور بچوں کے تحفظ کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور کشمیری بچوں کو بھارتی ظلم و تشدد سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی نہ صرف معصوم بچوں کو گرفتار کرتے ہیں بلکہ انہیں انسانی ڈھال کے طور پر بھی استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران مقبوضہ علاقے میں بچوں کی ایک بڑی تعداد کو یتیم اور زخمی کیا ہے، جن کے والدین کو جعلی مقابلوں اور حراست میں بے دردی سے شہید کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کشمیری بچوں کے خلاف تشدد، ظلم اور بربریت بھارتی حکومت کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے ۔ بیان میں زور دیا گیا کہ دنیا کو جارحیت کے شکار معصوم بچوں کے عالمی دن کے موقع پر کشمیری بچوں کے مصائب کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے رہنما مشتاق احمد بٹ سمیت دیگر رہنماں نے اپنے بیانات میں کہا کہ آج جب دنیا بھر میں جارحیت کا نشانہ بننے والے معصوم بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے،مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑی تعداد میں کم سن بچوں کے ساتھ زیادتی اور ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ آگے آئیں اور کشمیری بچوں کو بھارتی تشدد سے بچائیں۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *