سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 27 جولائی کو ہونے والے انتخابات، بشمول مہاجرین کی 12 نشستوں، کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم آن لائن اجلاس میں امیر حلقہ پاکستان برائے جموں و کشمیر راجہ فاضل حسین تبسم نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی نائب امیر و صدر سیاسی کمیٹی ذکراللہ مجاہد، صوبائی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر بابر رشید، متعلقہ امرائے اضلاع، مہاجرین کی نشستوں پر جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروں اور دیگر ذمہ داران بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کی مجموعی تیاریوں، انتخابی مہم، ڈور ٹو ڈور رابطہ مہم، پولنگ ڈے کے انتظامات، ووٹرز تک مؤثر رسائی، انتخابی حکمت عملی اور تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے مختلف تجاویز پیش کیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ یہ صرف نمائندوں کے انتخاب کا مرحلہ نہیں بلکہ کشمیری عوام کے مستقبل، ان کے حقوق اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا بھی ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔
