سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (کراچی) : سابق وزیر ماحولیات و ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر عامر عبدالغفار لون نے 6 نومبر یوم شہدائے جموں و کشمیر کی مناسبت سے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ 6 نومبر یوم شہدائے جموں تاریخ کا وہ المناک دن ہے جسے کشمیری قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔6 نومبر1947 میں جموں میں لاکھوں بے گناہ مسلمانوں کو صرف اس لیے شہید کیا گیا کہ وہ پاکستان سے الحاق چاہتے تھے۔
یہ تاریخ کا بدترین قتل عام تھا۔انہوں نے کہا کہ شہدائے جموں کی عظیم قربانیاں تحریک آزادی کشمیر کا روشن باب ہیں۔ ان شہداء نے اپنے خون سے آزادی کی شمع روشن کی جو آج تک فروزاں ہے۔عامر عبدالغفار لون نے کہا کہ کشمیری عوام نے بھارتی تسلط کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں اور آج بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے باوجود جذبہ آزادی پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں کے شہداء کے قتل عام کا نوٹس لیں اور بھارت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دے۔انہوں نے کہا پوری قوم شہدائے جموں کو سلام پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا۔
