سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل ہجیرہ کے سرحدی گاؤں مہنڈلہ کے چار نوجوان بھارتی فوج کی بچھائی بارودی سرنگ پھٹنے سے شہید ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق مہنڈلہ گاؤں میں چشمے کے پائپ کی مرمت کے دوران آئی ڈی پھٹنے سے دھماکہ ہوا اور چاروں نوجوان موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ مقامی عمائدین کے مطابق بھارتی آرمی نے چشمے کے قریب آئی ڈی (بم) لگائی تھی جو بلاسٹ ہو گئی، شہداء میں سردار فیضان صغیر، سردار اشتیاق، عاصم رفیق اور وقاص شریف شامل ہیں، چاروں کا تعلق دولی برادری سے ہے اور ان کی عمریں بیس سے تیس سال کے درمیان ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق ہجیرہ میں دھماکا بھارتی قابض افواج کی بچھائی گئی انٹی پرسن لینڈ مائن سے ہوا، ممکنہ طور پر لینڈ مائن بھارتی مقبوضہ علاقے سے بہہ کر آزاد کشمیر میں آ گئی تھی۔ چاروں شہید نوجوانوں کی میتیں تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال ہجیرہ پہنچا دی گئیں۔کمشنر پونچھ سردار وحید نے واقعہ کی تصدیق کی ہے اور موقف دیا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا پتا لگایا جا رہا ہے۔
آزاد کشمیر, ہجیرہ کے سرحدی گاؤں میں بھارتی فوج کی بارودی سرنگ پھٹنے سے چار نوجوان شہید
