سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) :جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نوجوانوں کی گرفتاریوں، ملازمین اور ڈاکٹروں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے اور کشمیری عوام پر بڑھتے ہوئے ظلم و ستم کی شدید مذمت کی ہے۔
ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں نوجوانوں کو گرفتار ہاں سرکاری ملازمین کو ہراساں کرنا اور ڈاکٹروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں کشمیری عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش ہیں۔ ایسے اقدامات بنیادی انسانی حقوق، شہری آزادیوں اور انصاف کے تقاضوں کے منافی ہیں۔
ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے مزید کہا کہ بھارتی حکام کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی زمینیں ہوٹلوں، شاپنگ مالز اور فیکٹریوں کی تعمیر کے لیے حاصل کرنے اور مقامی آبادی کو ان کی ملکیتی زمینوں سے محروم کرنے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اس کی متنازعہ حیثیت کے پیش نظر بھارت کو ایسے یکطرفہ اقدامات کرنے کا اختیار حاصل نہیں جن کے ذریعے کشمیری عوام کو ان کی زمینوں اور وسائل سے محروم کیا جائے یامقبوصہ علاقے کی آبادیاتی اور زمینی صورتحال تبدیل کرنے کی کوشش کی جائے۔ ایسے اقدامات اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کے اصولوں کے منافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پہلے ہی طویل عرصے سے سیاسی بے یقینی، گرفتاریوں اور بنیادی حقوق پر پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ نوجوانوں، ملازمین اور طبی عملے کو نشانہ بنانا اور مقامی آبادی کے حقوق کو محدود کرنا صورتحال کو مزید سنگین بنا رہا ہے۔ کشمیری عوام کو اپنی زمین، وسائل، روزگار اور بنیادی حقوق کے تحفظ کا پورا حق حاصل ہے۔
ترجمان نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ کشمیری نوجوانوں کی گرفتاریوں، ملازمین اور ڈاکٹروں کو ہراساں کرنے اور کشمیری عوام کے خلاف مبینہ انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کرے، بنیادی انسانی حقوق کا احترام کرے اور مقامی آبادی کی زمینوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنائے۔
ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے اقوام متحدہ، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور متعلقہ بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال، نوجوانوں اور ملازمین کے خلاف کارروائیوں اور کشمیریوں کی اراضی سے متعلق اقدامات کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے موثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جموں و کشمیر کے مستقبل اور اس کے وسائل سے متعلق فیصلوں میں کشمیری عوام کے حقوق اور ان کی حقیقی خواہشات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا آزادانہ فیصلہ کرنے کا حق دینے میں مضمر ہے۔
