Input your search keywords and press Enter.

بغداد:او آئی سی اجلاس میں مسئلہ کشمیر سے متعلق قرارداد منظور

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ اسلام آباد:اسلامی تعاون تنظیم نے بغداد میں وزرائے خارجہ کونسل کے 52ویں اجلاس میں جموں و کشمیر سے متعلق قرارداد منظور کر لی۔

ذرائع کے مطابق مسئلہ کشمیر سے متعلق قرارداد مسلم دنیا کو درپیش سیاسی امور پر17 اور 18 اکتوبرکو ہونے والے اجلاس میں مشاورت کا حصہ تھی۔ اجلاس میں فلسطین، مسلم اقلیتوں اور اسلاموفوبیا سمیت اہم امور پر بھی غور کیا گیا۔

دو روزہ اجلاس کا موضوع ”مکالمہ اور یکجہتی: امن اور پائیدار ترقی کے فروغ کے دو بنیادی ستون ”تھا۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد الشیخ احمد نے اجلاس کی میزبانی پر عراقی قیادت، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

اجلاس میں بغداد اعلامیہ اور متعدد قراردادیں منظور کی گئیں۔ ان میں فلسطینی عوام کے حقوق اور القدس الشریف کو دارالحکومت بنا کر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ شرکا نے رکن ممالک کی سیاسی صورتحال اور مسلم برادریوں کے حقوق پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں اقتصادی، سماجی، انسانی، ثقافتی اور سائنسی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے قراردادیں منظور کرنے کے بجائے ان پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر طویل عرصے سے عالمی توجہ کا مرکز ہونے کے باوجود حل طلب ہے۔ اقوام متحدہ نے اس تنازعے کے حل کے لیے قراردادیں منظور کر رکھی ہیں۔ ان قراردادوں میں کشمیری عوام کو استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا ہے۔تاہم کشمیری عوام بدستور حق خودارادیت کے حصول سے محروم ہیں۔

او آئی سی اپنے مختلف اجلاسوں میں جموں و کشمیر کو اہم سیاسی مسئلے کے طور پر اٹھاتی رہی ہے۔ بغداد اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد نے ایک بار پھر اس تنازعے کو تنظیم کے ایجنڈے پر نمایاں کیا ہے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *