Input your search keywords and press Enter.

فیصل ممتاز راٹھور سے آئی بی اے سینٹر فار ایگزیکٹو ایجوکیشن کےاعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے آئی بی اے سینٹر فار ایگزیکٹو ایجوکیشن (IBA CEE) اور اے ڈی آر آئی سی (ADRIC) کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ و ان لینڈ ریونیو چوہدری قاسم مجید ،وزیر ہائر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال، ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال، معاون خصوصی وزیراعظم سید عزادار حسین کاظمی اور پرنسپل سٹاف آفیسر صاحبزادہ محمد یونس بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کے عوام کو بااختیار بنانے، انسانی وسائل کی ترقی اور سرکاری و نجی اداروں کی استعداد بڑھانے کے لیے کیپیسیٹی بلڈنگ (Capacity Building) کے مختلف پروگرامز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اس موقع پر کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی پائیدار ترقی کا انحصار تعلیم، تربیت اور جدید پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں، سرکاری افسران، مقامی نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے معتبر قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراکِ عمل کو انتہائی اہمیت دیتی ہے۔ 

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مؤثر گورننس، شفاف انتظامی نظام اور عوام دوست پالیسیوں کے لیے جدید انتظامی تربیت، قیادت سازی اور فیصلہ سازی کی مہارتوں کا فروغ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرامز نہ صرف ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بناتے ہیں بلکہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ وفد نے وزیراعظم کو IBA CEE اور ADRIC کے تحت جاری اور آئندہ مجوزہ پروگرامز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد نے بتایا کہ ان پروگرامز کے ذریعے پبلک سیکٹر مینجمنٹ، پالیسی سازی، تنازعات کے متبادل حل (ADR)، قیادت سازی، سٹریٹجک پلاننگ اور جدید گورننس کے شعبوں میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے، جس سے سرکاری اداروں کی کارکردگی اور عوامی خدمات کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ملاقات کے دوران اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں مشترکہ تربیتی پروگرامز، ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ مقامی سطح پر مہارتوں کی منتقلی اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے وفد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت آزاد کشمیر عوامی فلاح اور انسانی وسائل کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وفد نے وزیراعظم کے وژن اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ IBA CEE اور ADRIC آزاد جموں و کشمیر میں استعداد سازی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے حکومت کے ساتھ قریبی اشتراک جاری رکھیں گے۔ آئی بی اے سی ای ای اور اے ڈی آر آئی سی کے وفد میں سید بلنت سہیل (ہیڈ آف پروگرامز، ADRIC)، سید بلال احمد (منیجر، IBA CEE) اور نوخبا (ADRIC) کے نمائندے شامل تھے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *