Input your search keywords and press Enter.

شہدائے جموں کو ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کا شاندارخراجِ عقید ت

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) : غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے 6نومبر 1947کے شہدائے جموں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک نہایت ہی المناک اور سیاہ دن ہے جب جموں کے مختلف علاقوں میں ڈوگرہ افواج اور ان کے معاون مسلح جتھوں نے لاکھوں مسلمانوں کا قتلِ عام کیا۔

ذرائع کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ 27اکتوبر 1947کو بھارتی فوجیوں کی جموںو کشمیر میں آمد کے بعد پیش آنے والے المناک واقعات میں 6نومبر 1947کا قتل عام خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ اس روز اور اس کے آس پاس کے دنوں میں جموں کے مسلمانوں کو منظم انداز میں اور بڑے پیمانے پر قتل و غارت گری کا نشانہ بنایا گیا۔

تاریخی حوالوں اور برطانوی اخبارات میں شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق اس قتلِ عام میں ڈھائی لاکھ سے زائد مسلمانوں کی شہادت کا ذکر ملتا ہے۔ لندن کے معروف اخبار دی ٹائمز کی 10اگست 1948کی رپورٹ میں 2لاکھ 37ہزار مسلمانوں کے قتل کا حوالہ دیا گیا تھا، جبکہ بعض دیگر تاریخی تخمینے اس تعداد کو تین لاکھ سے بھی زیادہ بتاتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام ہر سال 6 نومبر کو اپنے ان عظیم شہدا کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے اپنے دین، شناخت، عزت اورآزادی کے لئے ناقابلِ فراموش قربانیاں دیں۔

ترجمان نے کہاکہ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی آج ان شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ان کی قربانیوں اور ان کے ساتھ ہونے والے مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں وکشمیر کے عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کا آزادانہ فیصلہ کرنے کا حق دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے جموں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی اور حقِ خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *