سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (اسلام آباد) :سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ ڈڈیال ومرکزی رہنما مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر راجہ شعیب عابد نے کہا ہے کہ 6 نومبر یومِ شہدائے جموں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 نومبر 1947ء تاریخِ جموں و کشمیر کا ایک نہایت المناک اور سیاہ باب ہے جب ڈوگرہ ریاستی افواج اور مسلح بلوائیوں کے ہاتھوں ہزاروں بے گناہ مسلمانوں کو منظم تشدد اور قتلِ عام کا نشانہ بنایا گیا اس سانحے کے دوران مسلمانوں کی وسیع پیمانے پر نسل کشی،خواتین کی بے حرمتی،جبری نقل مکانی اور خاندانوں کی تباہی کے واقعات پیش آئے، جن کے اثرات آج بھی کشمیری قوم کی اجتماعی یادداشت کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے جموں کی قربانیاں محض ماضی کا ایک المناک واقعہ نہیں بلکہ کشمیری قوم کی تاریخ، شناخت اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کا ایک اہم باب ہیں۔
ان عظیم قربانیوں کا تقاضا ہے کہ نئی نسل اپنے تاریخی ورثے سے آگاہ رہے اور اتحاد، شعور، عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ اپنے قومی حقوق کے لیے پُرامن اور مؤثر جدوجہد جاری رکھے۔انھوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شہدائے جموں کے مشن اور قربانیوں کی حقیقی روح کو سمجھیں، اپنی فکری و سیاسی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور تحریکِ آزادیِ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہدائے جموں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔
ان شاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری عوام آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل کریں گے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدائے جموں سمیت تمام شہدائے کشمیر کے درجات بلند فرمائے، ان کی قربانیوں کو شرفِ قبولیت عطا کرے اور مظلوم کشمیری عوام کو آزادی، امن اور انصاف کی منزل نصیب فرمائے۔ آمین
