سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) :غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارتی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں جاری خاموشی کو امن نہ سمجھے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عوام پر اعتماد کرے۔
ذرائع کے مطابق محبوبہ مفتی نے پی ڈی پی کی دبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں روزانہ کی بنیاد پر جاری چھاپوں اور لوگوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے جیلوں میں قید ہزاروں کشمیری نظربندوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا ۔
محبوبیہ مفتی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو سیاسی مفادات کے لیے مذہبی تقسیم سے فائدہ اٹھانے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے عوام کو پولیس اور سول انتظامیہ میں منظم انداز سے نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
