سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (اسلام آباد): پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا محمد قاسم نون نے کہاہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیریوں کی امیدوں کاواحد مرکز پاکستان ہے۔
ذرائع کے مطابق رانا محمد قاسم نون نے پارلیمانی کشمیرکمیٹی کے 15ویں اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا موقف جغرافیائی، سیاسی، اخلاقی اور مذہبی ہر لحاظ سے واضح ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر کبھی بھی بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں تھا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تصفیہ طلب مسائل کو بامعنی مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے اورعالمی برادری نے کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف کو سراہاہے۔ رانا محمد قاسم نون نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے بامقصد اورجامع مذاکرات کی بات کی ہے۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔چیئرمین کشمیر کمیٹی نے گزشتہ کہاکہ سال مئی میں افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کے غرور کو خاک میں ملایاتھا۔انہوں نے کہاکہ اجلاس میں کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے اور بدامنی پھیلانے کی کوششوں کی حوصلہ شکنی کی گئی۔
کمیٹی کے رکن مرزا اختیار بیگ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کے ساتھ آبی تنازعے پر نیدرلینڈز کی ثالثی عدالت میں پاکستان کے موقف کی کامیابی سفارتی سطح پر اہم پیش رفت ہے۔ آبی تنازعے سے متعلق ثالثی عدالت میں پاکستان کا موقف تسلیم کیا گیا۔ثالثی عدالت میں پاکستان کے موقف کی شق وار سماعت کے بعد فیصلہ پاکستان کے حق میں آیا۔ مرزا اختیار بیگ نے کہاکہ پاکستان کی کامیابی دفتر خارجہ، قومی اداروں اور سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
