Input your search keywords and press Enter.

کشمیری خواتین بھارتی ریاستی جبر، تشدد اور ناانصافی کا بدترین شکار ہیں: مقررین سیمینار

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (اسلام آباد) : خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پرکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ، جموں و کشمیر لبریشن سیل اور کشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے ا شتراک سے اسلام باد میں ایک سیمینار منعقد ہوا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینارکی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی جبکہ حریت رہنما شمیم شال، پروفیسر ڈاکٹر آمنہ محمود، ڈاکٹر سائرہ کاظمی،ڈاکٹر سائرہ فاروق شاہ،نائلہ الطاف کیانی، آئمہ فراز ، راجہ خان افسر خان اوردیگر ممتاز شخصیات نے سیمینار میں شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہارکیا۔

مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے خواتین پر ڈھائے جانے والے مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، گرفتاریوںاور ہراسانی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں خواتین کے حقوق، تحفظ اور تشدد کے خاتمے کے لیے آواز بلند کی جا رہی ہے لیکن بدقسمتی سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خواتین گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی ریاستی جبر، خوف ودہشت اور ناانصافی کا سامنا کر رہی ہیں۔غلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیری خواتین نے تحریک آزادی کشمیر میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ اپنے شوہروں، بیٹوں، بھائیوں اور دیگر عزیزوں کی جدائی کے باوجود ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے اور وہ ہر مشکل کے باوجود اپنے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ثابت قدم ہیں۔

حریت قیادت نے کشمیری خواتین کی جرات، استقامت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش باب ہے۔مقررین نے کہا کہ کنن پوشپورہ کا دلخراش واقعہ، آسیہ اور نیلوفر کی المناک اموات اور کشمیری خواتین کی گرفتاریوں کے واقعات مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین کو درپیش سنگین صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے آسیہ اندرابی، فہمیدہ، انشا اور دیگر خواتین کی گرفتاریوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو خوفزدہ کرنے اور ان کے اہلِ خانہ کو نشانہ بنانے کے اقدامات انسانی حقوق اور بنیادی انسانی اقدار کے منافی ہیں۔

حریت قیادت نے پیلٹ گنز اور دیگر مہلک ہتھیاروں کے استعمال سے خواتین سمیت شہریوں کی بینائی متاثر ہونے اور سینکڑوں افراد کے زخمی ہونے پر بھی شدید تشویش ظاہر کی۔مقررین نے کہا کہ بھارت طاقت اور جبر کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کر سکتا۔ کشمیری خواتین نے ہر آزمائش میں ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں اپنی قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری عوام اپنی منزل کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

سیمینار کے شرکا نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین کے خلاف تشدد، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی اقدامات کا فوری نوٹس لیں اور بھارت پر بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے لیے دباو ڈالیں۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے موثر کردار ادا کرے کیونکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی ممکن ہے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *