Input your search keywords and press Enter.

پونچھ و راولا کوٹ کشیدگی: سابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے مذاکرات اور اعتماد سازی کا جامع فارمولا پیش کر دیا

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (مظفرآباد / راولاکوٹ) : سابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے پونچھ اور راولاکوٹ کی کشیدہ صورتحال کے پُرامن حل کے لیے منعقدہ ایک مشاورتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کشیدگی کے خاتمے، بامقصد مذاکرات اور اعتماد سازی کے لیے جامع تجاویز پیش کی ہیں۔

کانفرنس سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے سردار مسعود خان نے کہا کہ راولاکوٹ میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جیک) کا احتجاج اور سکیورٹی فورسز کا آپریشن بیک وقت ختم کیا جانا چاہیے، جبکہ جیک کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کے لیے ایک باقاعدہ اور واضح طریقہ کار طے کیا جائے۔

سابق صدر آزاد کشمیر نے اسلحہ بردار نوجوانوں کو قومی دھارے اور معمول کی زندگی کی طرف واپس لانے کے لیے مرحلہ وار حکمتِ عملی (ٹی ڈی آر طریقہ کار) اپنانے کی تجویز بھی دی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ایکشن کمیٹی کے 38 مطالبات پر ایک تفصیلی وائٹ پیپر جاری کرے، جس میں یہ واضح کیا جائے کہ ان میں سے کون سے مطالبات مکمل طور پر تسلیم کیے جا چکے ہیں، کن پر جزوی عملدرآمد ہوا ہے اور کون سے تاحال زیرِ التوا ہیں۔

سردار مسعود خان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت بیرونِ ملک مقیم کشمیری تارکینِ وطن اور مختلف عالمی حکومتوں میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کے ازالے کے لیے اپنے وفود بھیجے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی تمام سیاسی قوتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے کیونکہ وہ بھی آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش رکھتی ہیں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایکشن کمیٹی کے لیے ایسا باوقار راستہ نکالا جائے جس سے انہیں ‘فیس سیونگ’ مل سکے۔ مزید برآں، سکیورٹی فورسز پر براہِ راست حملوں میں ملوث نہ ہونے والے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے بھی معاوضے کا مناسب طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ تمام مسائل کو افہام و تفہیم اور سیاسی مکالمے کے ذریعے مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *