سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (مظفرآباد : 25 نومبر 2026ء): جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JKJAAC) کی ایڈوائزری کونسل نے اسلام آباد میں جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے زیرِ اہتمام منعقدہ پونچھ مشاورتی کانفرنس کے اعلامیے اور سابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی سربراہی میں قائم مذاکراتی کمیٹی کی تجاویز پر اپنا تفصیلی و باضابطہ مؤقف جاری کر دیا ہے۔
ایڈوائزری کونسل کے مطابق، کمیٹی انسانی جانوں کے تحفظ، خونریزی کی روک تھام، پونچھ و سدھنوتی کے راستوں، تعلیمی اداروں اور مواصلاتی رابطوں کی بحالی سمیت بحران کے پُرامن سیاسی حل کے لیے مذاکراتی کوششوں کا اصولی خیرمقدم کرتی ہے اور ایک باوقار و قابلِ تصدیق عمل میں شرکت کے لیے تیار ہے۔ تاہم اعلامیے میں پونچھ کانفرنس کے بعض مندرجات اور اصطلاحات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح شرائط اور نکات پیش کیے گئے ہیں
ایڈوائزری کونسل نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ راولاکوٹ کے پُرامن احتجاجی دھرنے کو سکیورٹی آپریشن کے مساوی قرار نہیں دیا جا سکتا اور نہ ہی آپریشن کی منسوخی کو دھرنے کے خاتمے سے مشروط کیا جا سکتا ہے۔ ریاست کسی بھی مسلح کارروائی کو غیر مشروط طور پر منسوخ کرے، جبکہ دھرنے کے خاتمے کا فیصلہ صرف بااختیار مذاکرات اور تحریری ضمانتوں کے نتیجے میں ہوگا۔
کونسل نے پوری تحریک کو “ریاست مخالف”، “پرتشدد” یا مسلح گروہ قرار دینے اور اس پر مسلح گروہوں کی بحالی (TDR) کا ماڈل لاگو کرنے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ JKJAAC ایک پُرامن شہری حقوق کی تحریک ہے، جسے کسی “فیس سیونگ” کے بجائے ایک برابر، محفوظ اور باوقار مذاکراتی فریق کی حیثیت درکار ہے۔
اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ JKJAAC کو کالعدم قرار دینے کے اقدام کا آزادانہ اور مقررہ مدت میں شفاف جائزہ لیا جائے، شواہد تک رسائی دی جائے اور جائزے تک تمام تعزیری اقدامات معطل کیے جائیں۔
ایڈوائزری کونسل نے جموں کشمیر ہیومن رائٹس آبزرویٹری کی رپورٹ کے حوالے سے 5 جون 2026ء سے اب تک 104 شہری اموات کا ذکر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تمام اموات، زخمیوں اور لاپتا افراد کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں اور کسی عدالتی فیصلے کے بغیر مقتولین کی درجہ بندی کیے بغیر تمام متاثرہ خاندانوں کو بلاامتیاز معاونت فراہم کی جائے۔
مذاکرات کے پانچ بنیادی مطالبات:
انسانی جانوں کا تحفظ: سکیورٹی آپریشن کی منسوخی، فورسز کی واپسی، براہِ راست گولہ بارود کے استعمال پر تحریری پابندی اور راستوں و بنیادی خدمات کی بحالی۔
سازگار ماحول: پُرامن سیاسی کارکنان کی رہائی، زیرِ حراست و لاپتا افراد کی تفصیلات کی فراہمی، اور فورتھ شیڈول، سفری پابندیوں و ملازمت سے متعلق انتقامی اقدامات کا خاتمہ۔
داد رسی و تحقیقات: تمام ہلاکتوں و جبری گمشدگیوں کی آزادانہ تحقیقات اور روکی گئی میتوں کی فوری واپسی۔
سابقہ معاہدوں پر عمل درآمد: اکتوبر 2025ء سمیت تمام سابقہ تحریری معاہدوں کو مقررہ مدت کے قابلِ عمل منصوبے میں شامل کرنا۔
فیصلہ ساز اختیار رکھنے والے نمائندگان کی شمولیت، ضرورت پڑنے پر آزاد ثالث کی تقرری اور مساوی نمائندگی پر مبنی مشترکہ نگرانی کا نظام۔
ایڈوائزری کونسل نے سردار مسعود خان کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے ساتھ مشروط تعاون کا اعلان کرتے ہوئے پانچ روزہ ٹائم فریم تجویز کیا ہے، جس کے تحت پہلے 24 گھنٹوں میں آپریشن کی منسوخی و گولہ بارود پر پابندی، 48 گھنٹوں میں فورسز کی واپسی و موبائل نیٹ ورک اور راستوں کی بحالی، 72 گھنٹوں میں گرفتار و لاپتا افراد کی فہرست و رہائی اور پانچویں روز تک بااختیار مذاکراتی ٹیموں اور ایجنڈے کا اعلان شامل ہے۔ کونسل نے آزاد کشمیر کی تمام سیاسی قیادت سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ محض پیغام رسانی کے بجائے شہری اختیار اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں۔
