Input your search keywords and press Enter.

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر اسمبلی میں مشترکہ قرارداد پیش؛ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جانی نقصان کی تفصیلات شامل، تاہم شہریوں کی شہادتوں پر مکمل خاموشی؛ ریاست میں ممکنہ نئے آپریشن کے خدشات پر بحث چھڑ گئی

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (مظفرآباد): پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے کل 25 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں جون 2026ء سے جاری کشیدگی اور جھڑپوں سے متعلق ایک مشترکہ قرارداد پیش کی گئی ہے۔ قرارداد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کے تفصیلی اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے، تاہم اس پورے عرصے کے دوران ہونے والی شہریوں کی شہادتوں، ان کی شناخت یا متاثرہ خاندانوں سے متعلق قرارداد میں کوئی ذکر نہیں ملتا۔

 

یہ مشترکہ قرارداد ڈپٹی اسپیکر محمد احمد رضا قادری، وزیرِ جنگلات وقار احمد نور، وزیرِ صحت عامہ ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، وزیرِ تعلیم عمیر نعیم، وزیرِ توانائی و آبی وسائل ثاقب مجید راجہ اور رکنِ اسمبلی چوہدری اسماعیل کی جانب سے پیش کی گئی۔

 

اہلکاروں کے جانی نقصان کے پیش کردہ اعداد و شمار:

 

آزاد کشمیر پولیس: 4 اہلکار جاں بحق اور 180 زخمی۔

 

پاکستان رینجرز: 6 اہلکار جاں بحق اور 13 زخمی، جبکہ رینجرز کے ہیلی کاپٹر حادثے میں 18 افراد کی ہلاکت کا ذکر بھی شامل ہے۔

 

ایف سی (FC): 2 اہلکار جاں بحق اور 35 زخمی۔

 

پنجاب پولیس: 1 اہلکار جاں بحق اور 6 زخمی۔

 

اسلام آباد پولیس: 9 اہلکار زخمی۔

 

 آئی بی کا ایک اہلکار، انتظامیہ کا ایک اہلکار اور پی ڈبلیو ڈی کے 3 اہلکار زخمی۔

 

مظفرآباد کے نیلم اسٹیڈیم کے مقام پر پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے میں 18 اہلکاروں اور پاکستان آرمی کے 3 پائلٹس سمیت مجموعی طور پر 21 افراد کی ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

 

قرارداد میں عوامی تحریک کے دوران دھرنوں، شاہراہوں کی بندش، اور سرکاری، تعلیمی و طبی اداروں کی بندش کو غیر قانونی اور ریاست مخالف کارروائیوں سے تعبیر کیا گیا ہے۔ اسمبلی کی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام دھرنے اور احتجاجی سرگرمیاں فوری ختم کی جائیں، شاہراہیں کھولی جائیں، اور مسلح جتھوں کو ختم کر کے ان کے زیرِ استعمال غیر قانونی اسلحہ ریاستی اداروں کے حوالے کیا جائے۔

 

اسمبلی کی اس قرارداد میں ایک طرف جہاں مختلف اداروں کے اہلکاروں کی ہلاکتوں اور زخمیوں کا الگ الگ تفصیلی ریکارڈ پیش کیا گیا ہے، وہیں جون 2026ء سے اب تک مبینہ طور پر شہید ہونے والے سیکڑوں عام شہریوں کے حوالے سے مکمل خاموشی اختیار کی گئی ہے۔ عوامی اور سیاسی حلقوں میں قرارداد کے مندرجات بالخصوص دھرنوں کو ریاست مخالف قرار دینے اور جتھوں کے خاتمے کے مطالبے کو تشویش کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، اور یہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ آیا اس قرارداد کے بعد خطے میں کسی نئے سکیورٹی آپریشن کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *