Input your search keywords and press Enter.

پاکستانی فورسز کی کارروائیوں کے بیرونِ ملک آباد کشمیریوں کی ذہنی و نفسیاتی صحت پر اثرات — سیکڑوں افراد پر مشتمل سروے میں سامنے آنے والا ایک سنگین انسانی المیہ!

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز:

سروے، ترتیب و تحریر: خواجہ کبیر احمد

پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر میں گزشتہ ساڑھے تین برس سے عوامی حقوق کی پُرامن جدوجہد جاری ہے۔ حالیہ مہینوں میں پاکستانی فورسز کی مبینہ پُرتشدد کارروائیوں اور ان سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات نے ایک سنگین انسانی بحران کو جنم دیا ہے۔ اس کے اثرات اب صرف اس خطے میں رہنے والے لوگوں تک محدود نہیں رہے بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں آباد کشمیری خاندانوں کی ذہنی، نفسیاتی، جذباتی اور روزمرہ زندگی کو بھی متاثر کر رہے ہیں۔ حالیہ واقعات کے دوران شہری ہلاکتوں، فائرنگ، گھروں پر حملوں اور دیگر سنگین کارروائیوں سے متعلق اطلاعات نے بیرونِ ملک آباد کشمیریوں میں شدید اضطراب، خوف، بے بسی اور ذہنی دباؤ پیدا کر دیا ہے۔ ان واقعات میں بچوں سمیت شہریوں کی ہلاکتوں اور خاندانوں کے متاثر ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔ ان تمام واقعات کی آزادانہ اور غیر جانب دارانہ تحقیقات ضروری ہیں تاکہ حقائق دنیا کے سامنے آ سکیں اور ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔

ریاست جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد روزگار، تعلیم اور بہتر مستقبل کی تلاش میں دنیا کے مختلف ممالک میں آباد ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق بیرونِ ملک آباد کشمیریوں کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ یہ لوگ جغرافیائی طور پر اپنے وطن سے ہزاروں میل دور ضرور ہیں، لیکن ان کے خاندان، رشتے، یادیں، گھر، زمینیں اور جذبات آج بھی اسی سرزمین سے جڑے ہوئے ہیں۔ جب وطن سے کسی شہری کی ہلاکت، کسی بچے کے زخمی ہونے، کسی گھر پر حملے یا کسی خاندان کے اجڑنے کی خبر پہنچتی ہے تو اس کا اثر صرف وہاں موجود خاندان پر نہیں بلکہ بیرونِ ملک آباد ان کے عزیزوں اور پوری کمیونٹی پر بھی پڑتا ہے۔

اسی انسانی اور نفسیاتی پہلو کو سمجھنے کے لیے راقم نے ایک ذاتی صحافتی سروے کیا، جس میں دنیا کے مختلف ممالک میں آباد ریاست جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد نے اپنی آراء، تاثرات اور ذاتی تجربات شیئر کیے۔ ان میں مشرقِ وسطیٰ، یورپ کے مختلف ممالک، برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا میں مقیم افراد شامل تھے۔ شرکاء کا تعلق مختلف عمر کے طبقات اور سماجی، پیشہ ورانہ، سیاسی اور نظریاتی پس منظر سے تھا۔ موصول ہونے والے جوابات میں نوجوانوں، خواتین، بزرگوں اور بچوں کے والدین کی آراء بھی شامل تھیں۔

اس سروے کے لیے ایک پیغام تیار کیا گیا، جس میں لوگوں سے درخواست کی گئی کہ وہ موجودہ صورتِ حال کے تناظر میں اپنی ذہنی، نفسیاتی اور جذباتی کیفیت کے ساتھ ساتھ روزمرہ زندگی پر پڑنے والے اثرات، اپنے مشاہدات اور ذاتی تجربات بیان کریں۔ یہ پیغام مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، بالخصوص واٹس ایپ کے ذریعے مختلف گروپس میں شیئر کیا گیا۔ لوگوں نے اپنی آراء تحریری اور صوتی پیغامات کی صورت میں براہِ راست ارسال کیں۔ موصول ہونے والے جوابات کا مجموعی جائزہ لیا گیا اور ان میں سامنے آنے والے مشترکہ اور اکثریتی رجحانات کی بنیاد پر یہ رپورٹ مرتب کی گئی۔

یہ وضاحت ضروری ہے کہ یہ کسی سرکاری ادارے، یونیورسٹی، تحقیقی مرکز یا طبی ادارے کا سروے نہیں بلکہ راقم کا ذاتی صحافتی جائزہ ہے۔ اس کا مقصد کسی سائنسی یا طبی تحقیق کا متبادل پیش کرنا بھی نہیں، بلکہ متاثرہ افراد کے احساسات، تجربات اور روزمرہ زندگی میں پیدا ہونے والی مشکلات کو صحافتی انداز میں سامنے لانا اور متعلقہ اداروں کی توجہ اس انسانی پہلو کی طرف مبذول کرانا ہے۔

اس سروے میں حصہ لینے والے ہر فرد کی رازداری کو بنیادی اہمیت دی گئی۔ آراء جمع کرنے سے پہلے شرکاء کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ان کے نام، رابطہ نمبر، رہائشی مقام، شناخت یا کوئی ایسی ذاتی تفصیل ظاہر نہیں کی جائے گی جس سے ان کی شناخت ممکن ہو۔ اس یقین دہانی کی مکمل پاسداری کی گئی ہے۔ کسی شریکِ سروے کی شناخت یا ذاتی معلومات کسی تیسرے فریق کے ساتھ شیئر نہیں کی گئیں اور نہ ہی مستقبل میں کی جائیں گی۔ اس رپورٹ میں صرف مجموعی رجحانات اور عمومی مشاہدات پیش کیے جا رہے ہیں۔ صحافتی ذرائع اور معلومات فراہم کرنے والے افراد کا تحفظ صحافی کی ذمہ داری ہے۔ اس رپورٹ کا مقصد ذرائع کو نمایاں کرنا نہیں بلکہ ان کے بیان کردہ انسانی تجربات کو ذمہ دارانہ انداز میں سامنے لانا ہے۔

سروے میں موصول ہونے والے جوابات کا جائزہ لینے سے ایک نمایاں رجحان سامنے آیا کہ وطن میں جاری صورتِ حال کی خبریں بیرونِ ملک آباد کشمیریوں کی ذہنی اور جذباتی کیفیت پر گہرے اثرات مرتب کر رہی ہیں۔ متعدد افراد نے بتایا کہ وہ بظاہر اپنے معمولات انجام دے رہے ہیں، ملازمتوں پر جاتے ہیں، کاروبار کرتے ہیں، بچوں کو اسکول بھیجتے ہیں اور گھریلو ذمہ داریاں نبھاتے ہیں، لیکن ان کے ذہن مسلسل وطن کے حالات اور اپنے عزیزوں کے بارے میں سوچتے رہتے ہیں۔ ان کے لیے روزمرہ زندگی کا معمول برقرار رکھنا پہلے جیسا آسان نہیں رہا۔

کئی شرکاء نے نیند متاثر ہونے، رات گئے تک جاگتے رہنے اور بار بار آنکھ کھلنے کی شکایت کی۔ بعض نے بتایا کہ جب وہ سونے کے لیے آنکھیں بند کرتے ہیں تو ذہن میں وطن سے آنے والی خبروں اور مناظر کی بازگشت شروع ہو جاتی ہے۔ کسی کے ذہن میں زخمی بچوں کی تصاویر آتی ہیں، کسی کو روتی ہوئی خواتین اور پریشان حال خاندان یاد آتے ہیں، جبکہ بعض افراد اپنے گھر والوں کی سلامتی کے خدشات میں گھرے رہتے ہیں۔ ان کے بقول، وہ جسمانی طور پر بستر پر موجود ہوتے ہیں لیکن ذہنی طور پر وطن کے حالات سے باہر نہیں نکل پاتے۔

کھانے پینے کے معمولات بھی متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ کچھ افراد نے بتایا کہ انہیں کھانے کی خواہش نہیں ہوتی۔ بعض اوقات کھانا سامنے رکھا رہ جاتا ہے اور وہ اسے کھانا بھی بھول جاتے ہیں۔ کچھ لوگوں کے لیے روزمرہ کے معمولات، وقت کی پابندی اور گھریلو ذمہ داریاں نبھانا مشکل ہو گیا ہے۔ یہ کیفیت محض کسی خبر کو پڑھ کر افسردہ ہونے تک محدود نہیں بلکہ مسلسل ذہنی مشغولیت اور بے یقینی کی صورت اختیار کر چکی ہے۔

سروے کے بعض شرکاء نے یادداشت اور توجہ میں کمی کے تجربات بھی بیان کیے۔ مثال کے طور پر انہیں یاد نہیں رہتا کہ انہوں نے روزانہ کی دوا کھائی ہے یا نہیں، کھانا کھایا ہے یا نہیں، یا کوئی ضروری کام مکمل کیا ہے یا نہیں۔ بعض نے خدشہ ظاہر کیا کہ بھول جانے کے باعث وہ ایک ہی دوا دوبارہ استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ ایک اہم مسئلہ ہے، کیونکہ ادویات کے استعمال میں ایسی بھول چوک بعض حالات میں نقصان دہ ہو سکتی ہے۔ تاہم، یہ بیانات شرکاء کے ذاتی تجربات ہیں اور انہیں کسی طبی تشخیص یا بیماری کا حتمی ثبوت نہیں سمجھا جا سکتا۔

اس سروے کا ایک نہایت تشویش ناک پہلو گاڑی چلانے اور سڑک پر توجہ برقرار رکھنے سے متعلق ہے۔ چند افراد نے بتایا کہ وہ ٹریفک سگنل پر گاڑی روکتے ہیں۔ سگنل سبز ہو جاتا ہے لیکن ان کی توجہ وطن کے کسی المناک منظر یا کسی عزیز کے بارے میں تشویش میں الجھی رہتی ہے۔ پیچھے سے آنے والی گاڑی کا ہارن انہیں متوجہ کرتا ہے تو احساس ہوتا ہے کہ وہ ذہنی طور پر کہیں اور کھوئے ہوئے تھے۔ بعض افراد نے بتایا کہ اب وہ غیر ضروری طور پر گاڑی چلانے سے گریز کرتے ہیں اور جہاں ممکن ہو کسی دوسرے شخص سے گاڑی چلانے کی درخواست کرتے ہیں۔ یہ صورتِ حال ظاہر کرتی ہے کہ مسلسل ذہنی دباؤ روزمرہ زندگی میں عملی اور حفاظتی خطرات بھی پیدا کر سکتا ہے۔ اگر کسی شخص کو محسوس ہو کہ اس کی توجہ گاڑی چلانے کے لیے کافی نہیں تو اسے ڈرائیونگ سے گریز کرنا چاہیے۔

بچوں کی تعلیم اور گھریلو ماحول پر پڑنے والے اثرات بھی جوابات میں سامنے آئے۔ بعض والدین نے بتایا کہ ان کے بچے ہوم ورک اور اسکول کے کام پر پہلے کی طرح توجہ نہیں دے پا رہے۔ گھروں میں مسلسل خبروں کا تذکرہ، والدین کی پریشانی، فون کالز اور وطن سے آنے والی تشویش ناک اطلاعات بچوں کی ذہنی کیفیت کو بھی متاثر کرتی ہیں۔ بچے اگرچہ ہر واقعے کی مکمل سیاسی یا سماجی نوعیت نہیں سمجھتے، لیکن وہ اپنے والدین کے چہروں، گفتگو اور رویوں سے گھر کے اندر موجود اضطراب محسوس کر لیتے ہیں۔ اس طرح وطن میں ہونے والے واقعات کے اثرات ایک نسل سے دوسری نسل تک گھریلو ماحول کے ذریعے منتقل ہو سکتے ہیں۔

خواتین کے جوابات میں خاندان کی سلامتی، بچوں کی ذمہ داریوں اور وطن میں موجود عزیزوں کے بارے میں مسلسل فکر کا پہلو نمایاں رہا۔ کئی خواتین کے لیے ایک طرف اپنے گھر، بچوں اور ملازمت کی ذمہ داریاں نبھانا اور دوسری طرف وطن میں موجود والدین، بہن بھائیوں اور دیگر رشتہ داروں کی خیریت کے بارے میں پریشان رہنا ایک اضافی ذہنی بوجھ بن گیا ہے۔ بزرگ افراد کے لیے بھی یہ کیفیت مختلف انداز میں تکلیف دہ ہے۔ ان کے لیے وطن محض ایک جغرافیائی خطہ نہیں بلکہ پوری زندگی کی یادوں، رشتوں، آبائی گھروں اور شناخت سے جڑا ہوا ہے۔ ایسے افراد کے لیے اپنے آبائی علاقے میں خوف اور عدم تحفظ کی خبریں سننا ایک گہرا جذباتی صدمہ بن سکتا ہے۔

سروے میں مختلف ممالک اور مختلف سماجی و نظریاتی پس منظر رکھنے والے افراد کے جوابات میں بعض اختلافات بھی موجود تھے، تاہم ایک بات بار بار سامنے آئی: بیرونِ ملک آباد کشمیری اپنے وطن میں موجود لوگوں کی سلامتی کے بارے میں شدید فکرمند ہیں اور خود کو بے بس محسوس کرتے ہیں۔ کچھ شرکاء نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ اپنی زندگی کی مشکلات کسی نہ کسی طرح برداشت کر لیں گے اور اپنی پریشانیوں کے ساتھ بھی زندگی گزار لیں گے، لیکن انہیں سب سے زیادہ تکلیف اس بات کی ہے کہ ان کے وطن میں عام شہری محفوظ نہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ وہاں لوگوں کی جانیں بچائی جائیں، شہریوں کو خوف اور تشدد سے تحفظ ملے، پاکستانی فورسز کی کارروائیاں بند ہوں اور وہ اس خطے سے نکل جائیں۔ ان کے نزدیک اپنی ذاتی تکلیف سے زیادہ اہم اپنے لوگوں کی جان و مال کا تحفظ ہے۔

بعض شرکاء نے موجودہ صورتِ حال کو غزہ میں ہونے والے انسانی المیے سے تشبیہ دی، جبکہ بعض نے مختلف آراء کا اظہار کیا۔ ان تشبیہوں سے قطع نظر، بنیادی سوال یہ ہے کہ دنیا کے کسی بھی خطے میں شہریوں، بچوں، خواتین اور عام خاندانوں کو تشدد، خوف اور عدم تحفظ سے محفوظ رکھنے کی ذمہ داری کس کی ہے؟ انسانی حقوق کے اصول کسی قوم، ریاست، مذہب یا سیاسی وابستگی کے تابع نہیں ہونے چاہییں۔ شہریوں کے تحفظ، انسانی جان کے احترام اور مبینہ خلاف ورزیوں کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ ہر جگہ یکساں اہمیت رکھتا ہے۔

یہ بھی ایک اہم سوال ہے کہ بیرونِ ملک آباد کشمیریوں کی اس ذہنی اور نفسیاتی کیفیت پر بین الاقوامی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی سیاسی قیادت کی توجہ اس قدر محدود کیوں ہے؟ کیا کسی خطے کے انسانی المیے کو عالمی اہمیت دینے کے لیے وہاں تیل کے ذخائر، معدنی وسائل یا کوئی بڑی معاشی اہمیت ہونا ضروری ہے؟ کیا انسانی جان کی قدر کا تعین جغرافیائی محلِ وقوع اور عالمی طاقتوں کے مفادات سے کیا جائے گا؟ اگر کسی خطے کے عام شہری خوف، تشدد اور عدم تحفظ کا سامنا کر رہے ہوں تو ان کی آواز سننے کے لیے کسی معاشی مفاد کا ہونا ضروری نہیں ہونا چاہیے۔

پاکستان کی سیاسی قیادت اور پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر کی سیاسی قیادت کی خاموشی اور طرزِ عمل بھی سنجیدہ سیاسی احتساب کا تقاضا کرتا ہے۔ سروے میں شریک کئی شرکاء کا کہنا تھا کہ فورسز سیاسی قیادت کی مرضی سے اور ہدایات پر عمل کرتے ہوۓ حقوق مانگنےوالوں پرگولیاں برسا رہی ہیں اور اطلاعات کے مطابق جنگی اسلحہ استعمال کر رہی ہیں جو انتہائی تشویشناک ہے۔ شرکاء کا موقف تھا کہ جب شہری ہلاکتوں اور دیگر سنگین واقعات کے الزامات سامنے آتے ہیں تو حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ محض سیاسی بیانات یا خاموشی اختیار کرنے کے بجائے شفاف تحقیقات، جواب دہی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ عوامی حقوق کے مطالبات اور ان کے جواب میں اختیار کیے جانے والے عسکری طرزِ عمل پر واضح مؤقف دینا سیاسی قیادت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انسانی جانوں کے ضیاع کے الزامات کو نظر انداز کرنا یا متاثرہ خاندانوں کی آواز نہ سننا عوامی اعتماد کو مزید کمزور بھی کرتا ہے اور اس خدشے کو بھی مزید تقویت ملتی ہے کہ سیاسی قیادت اور فورسز باہمی اعتماد سے عام شہریوں کو تشدد اور خوف میں مبتلا کیے ہوۓ ہیں۔

اس رپورٹ کے نتائج کو تمام بیرونِ ملک آباد کشمیریوں کی نمائندہ یا حتمی تصویر قرار دینا درست نہیں ہوگا۔ یہ ایک رضاکارانہ صحافتی سروے ہے، جس میں لوگوں نے اپنی مرضی سے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی آراء ارسال کیں۔ اس لیے اس کے نتائج کو سائنسی اعتبار سے پوری آبادی پر لاگو نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم، سیکڑوں افراد کے بیان کردہ تجربات اور ان میں بار بار سامنے آنے والے مشترکہ رجحانات ایک ایسے انسانی مسئلے کی نشاندہی کرتے ہیں جسے نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ یہ رپورٹ کسی فرد کی طبی تشخیص نہیں کرتی اور نہ ہی یہ دعویٰ کرتی ہے کہ بیان کردہ ہر کیفیت صرف ایک ہی سبب سے پیدا ہوئی ہے۔ اس کا مقصد ان تجربات کو سامنے لانا اور مزید آزادانہ، منظم اور طبی تحقیق کی ضرورت اجاگر کرنا ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوامِ متحدہ کے متعلقہ انسانی حقوق کے ادارے، عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں، طبی اور نفسیاتی ماہرین اور دیگر متعلقہ بین الاقوامی ادارے پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر کی صورتِ حال کا آزادانہ جائزہ لیں۔ شہری ہلاکتوں اور تشدد سے متعلق الزامات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں، متاثرہ خاندانوں کو انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے اور بیرونِ ملک آباد کشمیریوں، بالخصوص بچوں اور خاندانوں پر پڑنے والے نفسیاتی اثرات کا باقاعدہ مطالعہ کیا جائے۔ ایسے افراد کے لیے مناسب نفسیاتی معاونت اور رہنمائی کے انتظامات بھی ضروری ہیں جو مسلسل ذہنی دباؤ، نیند کی خرابی، خوف اور روزمرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

یہ سیکڑوں افراد کی آراء محض چند ذاتی شکایات نہیں بلکہ ان خاندانوں کی بے چینی، خوف اور اپنے وطن سے وابستگی کی ایک دستاویز ہیں جو ہزاروں میل دور رہتے ہوئے بھی اپنے لوگوں کے دکھ سے الگ نہیں ہو سکے۔ ان کی زندگیوں میں بظاہر معمولات جاری ہیں، مگر ان کے ذہنوں میں وطن کے حالات مسلسل موجود ہیں۔ کسی ماں کی فکر، کسی باپ کی بے خوابی، کسی بچے کی متاثر ہوتی تعلیم، کسی بزرگ کی بے بسی اور کسی ڈرائیور کی سڑک پر منتشر ہوتی توجہ، یہ سب ایک ایسے انسانی المیے کے مختلف پہلو ہیں جنہیں سیاسی بحثوں اور سرکاری بیانات کے شور میں گم نہیں ہونا چاہیے۔

وطن سے دور رہنے والے ان لوگوں کا سب سے بڑا مطالبہ اپنی ذاتی مشکلات کے فوری حل سے بڑھ کر اپنے لوگوں کی زندگیوں کا تحفظ ہے۔ ان کی آواز میں ایک ہی سوال بار بار سنائی دیتا ہے: کیا اپنے وطن میں رہنے والے عام شہریوں کو محفوظ زندگی گزارنے کا حق حاصل نہیں؟ کیا بچوں، خواتین، بزرگوں اور عام خاندانوں کا تحفظ ریاستی ذمہ داری نہیں؟ اور کیا دنیا کے انسانی حقوق کے ادارے اس وقت تک خاموش رہیں گے جب تک اس انسانی المیے کی آواز ان کے دروازوں تک نہیں پہنچتی؟

ان سوالات کا جواب صرف بیانات سے نہیں بلکہ شفاف تحقیقات، شہریوں کے تحفظ، ذمہ داروں کی جواب دہی اور انسانی ہمدردی پر مبنی عملی اقدامات سے دیا جانا چاہیے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *