سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (جموں):غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکی ادھم پور ڈسٹرکٹ جیل میں چاردنوں میں دوسرے زیر سماعت قیدی کی پراسرار موت ہو گئی ہے جس سے نظربندوں کی حفاظت اور جیل حکام کی بے حسی کے حوالے سے شدید تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
کشمیر نیوز کے مطابق ہلاک ہونے والے قیدی کی شناخت37سالہ سکھویندر سنگھ کے طور پر ہوئی ہے جو جموں کے علاقے ریشم گھر کالونی کا رہائشی تھا۔ اسے منشیات کی سمگلنگ ایکٹ کے تحت الزامات کا سامنا تھا۔سکھویندرسنگھ کو جیل کی بیرک کے اندر بے ہوش پایاگیا ، اسے ادھم پور کے ضلع اسپتال منتقل کیاگیا۔ تاہم ڈاکٹروں نے اسے جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج بھیج دیا اور اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔پولیس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ڈاکٹروں کے ایک بورڈ نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرلیا اور موت کی اصل وجہ رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔یہ مذکورہ جیل میں چار دنوں کے اندردوسرے زیر سماعت قیدی کی پراسرار موت ہے جس سے جیل حکام کی غفلت کا پردہ بے نقاب ہوتا ہے۔یاد رہے 14اکتوبر کو ایک اور زیر سماعت قیدی59سالہ سیوا سنگھ پراسرار حالت میں اپنی بیرک کے اندر مردہ پایاگیاتھا جوضلع ڈوڈہ کے علاقے چلواس کارہنے والاتھا اورکالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربند تھا۔یکے بعد دیگرے ہونے والی پراسرار اموات سے مقامی کمیونٹیز اور انسانی حقوق کے گروپوں میں تشویش پیدا ہوئی ہے جو ان اموات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ ان کی حقیقت کا پتہ لگایا جا سکے۔
