سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نئی دلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ منوج سہنا کی سربراہی میں قائم انتظامیہ نے کشمیریوں کو ان کی املاک سے محروم کرنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید دو شہریوں کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نئی دلی کے زیر کنٹرول تحقیقاتی ادارے ”سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی“ (ایس آئی اے) نے لیفٹیننٹ گورنر کے حکم پر سرینگر کے مضافاتی علاقے شالہ ٹینگ میں فیاض احمد بٹ کا تین منزلہ رہائشی مکان اور ایک کنال اراضی ضبط کر لی ہے۔ جائیداد کی مالیت تقریبا 2کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ انتظامیہ نے ضلع ڈوڈہ کے گاوں منگوٹا میں زاہد حسین نامی ایک اور کشمیری کی جائیداد غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون، یو اے پی اے، کے تحت ضبط کر لی۔ یاد رہے کہ مودی حکومت نے اگست 2019ء میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی غیر قانونی منسوخی کے بعد کشمیریوں کے گھروں، زمینوں اور دیگر املاک کی ضبطگی اور مسماری کا سلسلہ تیز کر دیا ہے جس کا بنیادی مقصد انہیں معاشی طور پر مفلوک الحال بنانا اور ضبط شدہ جائیدادیں غیر کشمیری بھارتی ہندوﺅں کو دیے کر علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے۔
مقبوضہ کشمیر، انتظامیہ نے مزید دو کشمیریوں کی املاک ضبط کر لیں
