سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے ایک اعلی سطح وفد نے سیکریٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ نواز جموں و کشمیر کے مرکزی رہنما اور ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر سردار میر اکبر خان سے باغ میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران 5جنوری کو منائے جانیوالے یومِ حق خودارادیت کے حوالے سے تفصیلی مشاورت اور اس موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات و سرگرمیوں کے جملہ انتظامی و تنظیمی پہلوئوں پر گفتگو کی گئی۔سردار میر اکبر خان نے یومِ حق خودارادیت کی تقریب میں مکمل تعاون اور قائدانہ کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا ناقابل تنسیخ اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ حق ہے جس کے حصول کے لئے ہر سطح پر بھرپور اور موثر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیری عوام کے اس ناقابل تنسیخ حق کو تسلیم کر چکی ہے، اس لئے وقت کا تقاضا ہے کہ اس پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ جنوبی ایشیائی خطے میں دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال معمول پر آنے کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کرنے کیلئے بھارتی فلمی شخصیات اور دیگر سلیبریٹیز کو بلا کر مختلف تقریبات کا اہتمام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی حالات معمول کے مطابق ہیں تو مقبوضہ جموں و کشمیر میں دس لاکھ بھارتی افواج کی تعیناتی کس حقیقت کی عکاس ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ لاکھوں کی تعداد میں قابض فوجیوں کی تعیناتی اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ مقبوضہ علاقے میں حالات بدستور غیر معمولی، جابرانہ اور تشویشناک ہیں۔ وفد میں میئر باغ میجر(ر)سردار عبدالقیوم بیگ، عبداللطیف لون، حریت رہنما راجہ خادم حسین شاہین، شیخ محمد یعقوب، زاہد اشرف، زاہد صفی، عبدالمجید میر اور شیخ عبدالماجد شامل تھے۔
