سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ رمضان المبارک روحانی تجدید اور اجتماعی اصلاح کا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامع مسجد صدیوں سے اہلِ کشمیر کے ایمان، اتحاد،صبر اور استقامت کی علامت رہی ہے اور یہ بابرکت مہینہ ہمیں انہی اقدار سے دوبارہ جڑنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ذرائع کے مطابق میر واعظ نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب میں عوام کو درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بے یقینی اور مشکلات کے دور میں رمضان اللہ تعالیٰ کی عظیم رحمتوں کا مہینہ ہے۔ میر واعظ نے قرآن مجید کی آیت ”بے شک ہر مشکل کے ساتھ آسانی ہے“ کا حوالہ دیتے ہوئے لوگوں کو مایوسی سے نکل کر امید، تعمیری فکر اور مثبت عمل اختیار کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کل ۳ ماہ رمضان المبارک کے موقعہ پر آستانہ عالیہ حضرت خواجہ نقشبند صاحب خواجہ بازار میں نمازِ عصر سے قبل حضور اکرمﷺ کی صاحبزادی، خاتونِ جنت حضرت فاطمة الزہراؓ کے یومِ وصال کی مناسبت سے خصوصی وعظ و تبلیغ کی مجلس آراستہ کی جائیگی۔ میر واعظ نے اپنے خطاب کے اختتام پر روزوں، عبادات کی قبولیت، لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات کے خاتمے، خطے میں استحکام اور لوگوں کے درمیان اتحاد و اتفاق کی دعا کی.
رمضان المبارک ہمیں اعلیٰ اسلامی اقدار سے جڑنے کا موقع فراہم کرتا ہے، میر واعظ عمر فاروق
