سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ یومِ کشمیر کے موقع پر جامعہ العروۃ الوثقیٰ، لاہور میں علامہ سید جواد نقوی کی زیرِ سرپرستی المصطفیٰ اسکاؤٹس کی جانب سے یکجہتی کشمیر پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اس پریڈ میں نوجوانوں نے کشمیری عوام کے حق میں بھرپور نعرے بلند کیے اور اپنی عملی وابستگی کا مظاہرہ کیا۔ کشمیر پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ کشمیر محض دو ریاستوں کے درمیان سرحدی تنازع نہیں بلکہ ایک زندہ اسلامی، تاریخی اور تہذیبی مسئلہ ہے، افسوس کا مقام یہ ہے کہ اسے سرحدی مسئلہ بنا کر دانستہ تنہا کیا جا رہا ہے، جس سے امتِ مسلمہ کی اجتماعی ذمہ داری کمزور پڑ رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جس طرح غزہ ایک عالمی اور اسلامی مسئلہ ہے، کشمیر بھی پوری امتِ مسلمہ کا مشترکہ فریضہ ہے اور اس کے لیے یکجہتی لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی نجات اور آزادی کا حقیقی راستہ صرف امام حسینؑ کے اسوۂ حریت سے گزرتا ہے، جب تک فلسطین پر اسرائیلی قبضہ برقرار رہے گا، کشمیر پر بھارتی تسلط بھی قائم رہے گا، فلسطین کی آزادی کے دن کشمیر پر بھی قبضہ ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فلسطین اور کشمیر سے غفلت پاکستان کی سلامتی کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اصول پرست طبقہ ہی کشمیر اور فلسطین کے لیے مؤثر آواز بلند کر سکتا ہے، مگر عالمی سطح پر اصول پسندی کمزور پڑ چکی ہے اور مفاد پرست قوتیں ذاتی مفادات کی خاطر کشمیر اور القدس کی سوداگری میں ملوث ہیں۔ کئی اسلامی ممالک نے بھی بھارت کے ساتھ تعلقات استوار کر رکھے ہیں، جو نہایت افسوسناک ہے۔
خطاب کے اختتام پر علامہ سید جواد نقوی نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحریک محض سیاسی نہیں بلکہ ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف ایک تاریخی، بے مثال اور لازوال معرکہ ہے۔ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور یہ جدوجہد بالآخر آزادی کی روشن صبح پر منتج ہوگی۔
